جوہر یونیورسٹی کے وی سی کا یوگی آدتیہ ناتھ کے نام مکتوب، یونیورسٹی کا دورہ کرنے کی دعوت

ایس پی لیڈر محمد اعظم خان کی قائم کردہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد عارف نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے

محمد علی جوہر یونیورسٹی / سوشل میڈیا
محمد علی جوہر یونیورسٹی / سوشل میڈیا
user

محمد فہیم

رامپور: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کے ڈریم پراجیکٹ اور ان کی قائم کردہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد عارف نے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے نام مکتوب روانہ کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ دراصل محمد علی جوہر یونیورسٹی کافی دنوں سے حکومت کے نشانے پر ہے اور اس پر یکے بعد دیگرے کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ ان کارروائیوں کی وجہ سے عام تاثر یہ ہے کہ یہ یونیورسٹی کو سیاسی وجوہات کی بنا پر نشانہ بنایا جا وہا ہے لیکن اسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی آدتیہ ناتھ کے نام خط لکھ کر انہیں یہاں کا دورہ کرنے اور معائنہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ وی سی کی جانب سے تحریر کردہ خط میں جوہر یونیورسٹی کی پریشانیوں اور مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ یہاں کی سرگرمیوں کو باضابطہ طور پر چلانے میں مدد کریں۔

وائس چانسلر پروفیسر محمد عارف نے یونیورسٹی کیمپس میں تعینات پولیس اہلکاروں ہٹانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جوہر یونیورسٹی میں پولیس کی تعیناتی سے طلبا اور اساتذہ میں خوف کا ماحول ہے اور کئی اساتذہ تو ملازمت سے دستبردار ہو کر چلے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف بھی کی ہے اور این ای پی (نیشنل ایجوکیشن پالیسی) 2020 کو جوہر یونیورسٹی میں نافذ کر کے اسی کے مطابق نصاب تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے فوجداری معاملات میں گرفتار کئے گئے دو اساتذہ کے کیسز کی تحقیقات کرانے اور ان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔


جوہر یونیورسٹی کی حالت زار بیان کرتے ہوئے وائس چانسلر نے یہاں تک کہا کہ اساتذہ اور ملازمین کو نوراتری اور دیوالی کے موقع پر بھی 2 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔ وی سی نے خط میں جوہر یونیورسٹی کو ریاست کا ورثہ قرار دیتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ سے کہا ’’آپ اس پرانی ریاست کے باوقار سربراہ ہیں۔ آپ کسی بھی وقت دورہ کر کے یہاں کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ آپ کا دورہ ہمارے باعث افتحار ہوگا۔ آپ جو بھی رہنمایانہ ہدایت دیں گے اس بلا تاخیر عمل کیا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔