بنارس: تیل قیمتوں کی مار، ہاتھی سے کھنچوائی گئی کار
سماجی تنظیم ’صبح بنارس کلب‘ کے بینر کے تلے منعقد احتجاجی مظاہرے میں ہاتھی کے پیچھے پیچھے چل رہے لوگوں نے مرکزی حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔
بنارس: پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اتر پردیش کے ضلع بنارس میں ہاتھی سے کار کھینچوا کراپنا احتجاج درج کراکے حکومت کی توجہ مسلسل بڑھتی مہنگائی کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی ۔
سماجی تنظیم ’’صبح بنارس کلب‘‘ کے بینر کے نیچے منعقد اس احتجاجی مظاہرے میں ہاتھی کے پیچھے پیچھے چل رہے لوگوں نے مرکز ی حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی کی اور پٹرول و ڈیزل کو جی ایس ٹی کے تحت لانے کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرہ لوگوں کے لئے توجہ کا مرکز بنا رہا ہے۔
تنظیم کےصدر مکیش جیسوال نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے ،عوام باربار اس کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ ہاتھی کے سہارے احتجاج کرکے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کے ساتھ ہی یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ نریندر مودی حکومت کے تقریبا ساڑھے چار سال کی میعاد کار میں پٹرول ڈیزل کی قیمتیں اپنے سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ عوام کے لئے کار میں پٹرول و ڈیزل بھروانا ہاتھی پالنے سے کہیں مہنگا ثابت ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے روزمرہ کی زندگی میں استعمال کی جانے والی اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان چھو رہی ہیں جس سے پہلے سے پریشان غریب اور مڈل کلاس کی مشکلیں بڑھ گئی ہیں ۔ اسلئے حکومت کو چاہئے کہ پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لاکر اس کی بڑھتی قیمتوں میں کمی کر کے ملک کے شہرویوں کو راحت فراہم کرے ۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے اسی تنظیم نے گھوڑوں سے کارکھینچوا کر اپنا احتجاج درج کرایا تھا۔،کئی تنظیموں کی جانب سے بھینس کے آگے بین بجا کر اور بیل گاڑی کی سواری کر کے پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔