’وندے بھارت ایکسپریس‘ ایک بار پھر ہوئی حادثہ کی شکار
وندے بھارت ایکسپریس کے برابر والی لائن سے دوسری ٹرین گزر رہی تھی، تیز ہوا کے دباؤ کے سبب کچھ کنکریں اچھل کر ٹرین سے جا ٹکرائیں، جس کے بعد ٹرین کے شیشوں کو زبردست نقصان ہوا ہے۔
تقریباً ایک ہفتے پہلے شروع کی گئی ملک کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین وندے بھارت ایکسپریس ایک بار پھر حادثہ کی شکار ہو گئی ہے، یہ واقعہ گزشتہ روز ہفتے کی شام کا ہے جب یہ ٹرین اترپردیش کے ضلع اوریا کے اچھلدا اسٹیشن سے ہوکر گزر رہی تھی، دراصل تیز رفتار کی وجہ سے پٹریوں پر پڑے ہوئے کچھ پتھر اتنی تیزی سے ٹرین کی شیشے کی کھڑکیوں سے جا ٹکرائے، جس کے سبب ٹرین کی کھڑکیوں کو کافی نقصان پہنچا۔
اطلاع کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس کے برابر والی پٹری سے ڈبروگڑھ راجدھانی ایکسپریس گزر رہی تھی، دونوں ٹرینوں کے درمیان فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے ہوا کا دباؤ زیادہ بڑھ گیا، کس کے سبب پٹریوں پر پڑے کچھ چھوٹے پتھر ہوا کے تیز جھونكھے کے ساتھ وندے بھارت ایکسپریس سے جا ٹکرائے، جس کی وجہ سے اس کی شیشے کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور کافی نقصان ہوا۔
حالانکہ حادثے کے بعد ٹرین کی جانچ کرنے سے پتہ چلا ہے کہ اس میں کوئی بھی اندرونی یا تکنیکی خرابی نہیں آئی ہے، اس کے بعد وندے بھارت ایکسپریس کو سست رفتار سے چلا کر رات تقریباً 11 بجے دہلی اسٹیشن پر پہنچی، فی الحال وندے بھارت ایکسپریس میں ہوئی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو اور ٹرین کو صحیح وقت پر روانہ کیا جا سکے۔
بتا دیں کہ یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے جب وندے بھارت ایکسپریس حادثے کی شکار ہوئی ہے، اس سے پہلے افتتاح کے بعد واپس آرہی وندے بھارت ایکسپریس ٹنڈلا سٹیشن پر خراب ہوگئی تھی، اس کے بعد 20 فروری کو پرياگ راج اسٹیشن کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان ٹرین سے ٹکرا گیا تھا، جس میں اس کی موٹر سائیکل مکمل طور پر تہس نہس ہو گئی تھی اور وندے بھارت ایکسپریس کو بھی ہلکا-پھلكا نقصان ہوا تھا، حالانکہ اس میں موٹر سائیکل سوار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔