ملک میں ویکسین کی کمی مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ: وزیر اسلم شیخ
ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب ملک میں ویکسین کی کمی اور ٹیکہ کاری کے نام پر جعلسازی جیسے حالات پیش آ رہے ہیں
ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب ملک میں ویکسین کی کمی اور ٹیکہ کاری کے نام پر جعلسازی جیسے حالات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن و ریاستی حکومت کا ان حالات پر کنٹرول اور نگرانی رکھنا بہت مشکل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ممبئی پولیس نے ممبئی مضافات کے کاندیولی علاقے کی ایک رہائشی سوسائٹی میں فرضی ویکسینیشن کیمپ کے نام پر جعلسازی کرنے والے ایک گروہ کے 4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان دھوکہ دہی کرنے والوں نے ممبئی میں ایسے کیمپوں کا انعقاد کر کے تقریباً 1000 سے زائد افراد کو چونا لگانے کا کام کیا ہے۔
اس معاملے میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے نجی اسپتالوں کو ویکسین فراہم کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب آج ملک کو نہ صرف ویکسین کی کمی بلکہ ٹیکہ کاری کے نام پر ہونے والی جعلسازی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ریاستی حکومت اور کارپوریشن کے لئے ایسے معاملوں کو کنٹرول کرنا اور ان کی نگرانی کرنا مشکل ہے۔
وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ پولیس کی تفتیش میں مزید انکشاف ہوگا کہ اس گھوٹالے میں اور کون کون ملوث ہیں کیونکہ ان جعلسازوں کے پاس سے بی ایم سی کے زیر انتظام کووڈ سینٹر سمیت مختلف نجی اسپتالوں سے ٹیکہ لگانے کے لئے جاری کردہ سرٹیفکیٹ حاصل ہوئے ہیں اور یہ ایک سنگین معاملہ ہے جس کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے ۔ آخر میں اسلم شیخ نے نجی سوسائٹیوں ، کارپوریٹ ہاؤسیز سے درخواست کی ہے کہ وہ جب بھی اس طرح کے ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کریں تو میونسپل کارپوریشن اور سرکاری انتظامیہ کو مطلع کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔