اترکاشی: سرنگ میں پھنسے 40 افراد کو بچانے کا آپریشن تیسرے روز میں داخل
اتراکھنڈ کے اترکاشی میں زیر تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ اب انہیں نکالنے کے لیے 900 ملی میٹر کا اسٹیل پائپ ڈالا جائے گا
دہرادون: اتراکھنڈ کے اترکاشی میں زیر تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ اب حکام نے خصوصی ڈرلنگ مشین منگوائی ہے، جو ملبے میں 900 ملی میٹر اسٹیل پائپ نصب کرے گی۔ یہ پائپ پھنسے ہوئے مزدوروں کے بحفاظت باہر نکلنے کی راہ ہموار کرے گا۔ 900 ملی میٹر قطر کے پائپ موقع پر پہنچ چکے ہیں اور ڈرلنگ مشین کے لیے پلیٹ فارم تیار کر لیا گیا ہے۔
دراصل اوپر سے مسلسل گرنے والی ڈھیلی مٹی ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب ایک پائپ بچھایا جائے گا تاکہ ملبے کو گرنے سے روکا جا سکے اور پھنسے مزدوروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ مشین کھدائی کر کے پائپ بچھانے کے لیے راستہ بنائے گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں بھی 24 گھنٹے سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
سرنگ کا دورہ کرنے والے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سکریٹری رنجیت کمار سنہا نے کہا تھا کہ پھنسے ہوئے مزدوروں کو منگل کی رات یا بدھ تک ریسکیو کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اب تک تقریباً 15-20 میٹر ملبہ ہٹایا جا چکا ہے اور یہ عمل جاری ہے۔ ہم ملبے کے ڈھیر میں سوراخ کر کے اسٹیل کے پائپ ڈالنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ منگل کی رات یا بدھ کی صبح تک پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال لیا جائے گا۔‘‘
خیال رہے کہ اتوار کی صبح برہماکھال - یمونوتری قومی شاہراہ پر سلکیارا اور دنڈالگاؤں کے درمیان زیر تعمیر سرنگ میں ہونے حادثہ کے دوران تقریباً 40 مزدور پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو ٹیم مسلسل کام کر رہی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور پولیس اہلکار مشترکہ مہم چلا رہے ہیں۔ یہ سرنگ چار دھام آل ویدر روڈ پروجیکٹ کا حصہ ہے۔
ٹنل میں پھنسے مزدور محفوظ بتائے جاتے ہیں اور انہیں کمپریشر کی مدد سے خوراک اور پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹنل کے اندر آکسیجن بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیم کانکریٹ، گندگی اور ملبے کے ڈھیروں کو صاف کرنے کے لیے دو آر او سی مشینوں کے ساتھ بھاری کھدائی کرنے والوں کا مسلسل استعمال کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر دھامی بھی پیر کو موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا اور اندر پھنسے کارکنوں سے رابطہ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔