اتراکھنڈ: اقتدار سنبھالنے کے بعد یکساں سول کوڈ نافذ کریں گے، حلف برداری سے قبل پشکر سنگھ دھامی کا اعلان
پشکر سنگھ دھامی اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے جا رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ کریں گے
دہرادون: پشکر سنگھ دھامی بروز بدھ یعنی کہ آج اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے جا رہے ہیں۔ حلف لینے سے پہلے دھامی نے نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ان تمام وعدوں کو پورا کریں گے جو بی جے پی نے انتخابات کے دوران کئے ہیں اور ان میں یکساں سول کوڈ بھی شامل ہے۔
پشکر سنگھ دھامی نے انتخابی جلسوں میں بھی یکساں سول کوڈ کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ قانون کی تیاری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جس میں قانونی ماہرین، بزرگ شہری اور دانشور شامل ہوں گے۔ خیال رہے کہ یکساں سول کوڈ یعنی یونیفارم سول کوڈ کا مطلب ہے کہ ہندوستان میں رہنے والے ہر شہری کے لئے ایک عام قانون ہوگا، خواہ وہ کسی بھی مذہب یا ذات سے وابستہ ہو۔ یکساں سول کوڈ میں شادی، طلاق اور جائیداد کی تقسیم کے حوالہ سے تمام مذاہب کے لئے یکساں قانون نافذ ہوگا۔
پشکر سنگھ دھامی کی حلف برداری آج دوپہر 2.30 بجے ہوگی اور اس میں وزیر اعظم مودی بھی شریک ہوں گے۔ تقریب میں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے کئی وزیر اعلیٰ بھی موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر، ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اور بی جے پی کے کئی سینئر لیڈر بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے بعد بی جے پی اتراکھنڈ کے اقتدار میں واپسی کر رہی ہے لیکن پشکر سنگھ دھامی کھٹیما سیٹ سے الیکشن ہار گئے تھے۔ اس کے باوجود بی جے پی نے ان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔