اتراکھنڈ سرنگ حادثہ: 40 زندگیوں کو بچانے کی جدوجہد جاری، ناروے اور تھائی لینڈ کی ٹیموں سے لی گئی مدد
اتراکھنڈ میں اترکاشی کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دہلی سے بدھ کے روز آگر مشین کو پہنچایا گیا۔ ہندوستانی فضائی کے تین خصوصی طیارے 25 ٹن وزنی مشینوں کو لے کر پہنچے
اتراکاشی: اتراکھنڈ میں اترکاشی کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دہلی سے بدھ کے روز آگر مشین کو پہنچایا گیا۔ ہندوستانی فضائی کے تین خصوصی طیارے 25 ٹن وزنی مشینوں کو لے کر پہنچے۔ ان مشینوں کی مدد سے ہر گھنٹے پانچ میٹر تک ملبا نکالا جا رہا ہے، تاکہ 900 ایم ایم کا پائپ دوسری طرف پہنچایا جا سکے۔
فضائیہ کے ہرکولیس طیارے کے ذریعے تین کھیپوں میں لائی گئی آگر مشینوں کو چنیالیسوڑ ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ اس مشین کو گرین کوریڈور کے ذریعے موقع پر پہنچایا گیا۔ نئی دہلی کے ہندن ایئربیس سے نئی مشین کے پرزہ جات لے کر فضائیہ کا پہلا ہرکولیس طیارہ بدھ کو دوپہر ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر اترا، جس کے بعد مشین کے پرزوں کو ٹرک کے ذریعے شام پونے چار بجے سلکیارا ٹنل تک پہنچایا گیا۔
راحت اور بچاؤ مشن کے انچارج کرنل دیپک پاٹل نے بتایا کہ امریکہ میں بنائی گئی جیک اینڈ پش ارتھ آگر مشین بہت جدید ہے جو بہت تیزی سے کام کرے گی۔ اب ملٹری آپریشن ٹیم بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فضائیہ اور فوج بھی ریسکیو آپریشن میں مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کے لیے ناروے اور تھائی لینڈ کی خصوصی ٹیموں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے تھائی لینڈ کی ایک ریسکیو کمپنی سے رابطہ کیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اسی کمپنی نے تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں اور ان کے فٹ بال کوچ کو بچایا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے ناروے کی این جی آئی ایجنسی سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ سرنگ کے اندر آپریشن کے لیے تجاویز حاصل کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ سرنگ کے اندر آپریشن چلانے کے حوالے سے انڈین ریلویز، آر وی این ایل، رائٹس اور ارکان کے ماہرین سے بھی تجاویز لی جا رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔