اتراکھنڈ: ’نمامی گنگے‘ پروجیکٹ کے مقام پر اندوہناک حادثہ، ٹرانسفارمر پھٹنے سے 15 افراد ہلاک
اتراکھنڈ کے چمولی میں دریائے الکنندا کے کنارے ایک ٹرانسفارمر پھٹنے سے ایک پولس افسر سمیت 15 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے
دہرادون: اتراکھنڈ کے چمولی میں دریائے الکنندا کے کنارے ایک ٹرانسفارمر پھٹنے سے ایک پولس افسر سمیت 15 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ شب پیش آیا۔ پولیس کو گاؤں سے فون آیا کہ ایک چوکیدار بجلی کا جھٹکا لگنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔ جب پولیس اہلکار گاؤں والوں کے ساتھ موقع پر پہنچے تو بہت سے متعدد افراد جھلس گئے تھے اور کئی کی حالت نازک تھی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، اتراکھنڈ نے اے این آئی کو بتایا ’’پولیس سب انسپکٹر اور 5 ہوم گارڈز سمیت تقریباً 15 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔ بادی انظر معلوم ہوتا ہے کہ ریلنگ پر کرنٹ تھا اور تفتیش میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔‘‘
اس حادثہ سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ محکمہ توانائی کارپوریشن کے افسران پر ان کی لاپرواہی کا الزام لگا رہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔