اتراکھنڈ: چمپاوت میں وزیر اعلیٰ دھامی کے محاصرہ کی تیاری، ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس کے مبصرین کی تقرری
چمپاوت کے ضمنی انتخاب کے لئے امیدوار کا اعلان کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے بھون کاپڑی، الموڑہ کے رکن اسمبلی منوج تیواری اور لوہاگھاٹ کے رکن اسمبلی خوشحال سنگھ ادھیکاری کی مبصرین کے طور پر تقرری کی ہے
دہرادون: کانگریس پارٹی کی جانب سے اتراکھنڈ کی چمپاوت اسمبلی سیٹ پر ہونے جا رہے ضمنی انتخاب میں وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے محاصرہ کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پشکر سنگھ دھامی انتخابات کے دوران اپنی سیٹ سے ہار گئے تھے اس کے باوجود پارٹی نے انہیں وزیر اعلیٰ بنایا۔ دھامی اب چمپاوت سے انتخاب لڑیں گے، یہ سیٹ بی جے پی کے رکن اسمبلی کے استعفی دینے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ انہوں نے اسے وزیر اعلیٰ دھامی کے لئے خالی کیا ہے۔
چمپاوت کے مجوزہ ضمنی انتخاب کے لئے امیدوار کا اعلان کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے نائب قائد حزب اختلاف بھون کاپڑی، الموڑہ کے رکن اسمبلی منوج تیواری اور لوہاگھاٹ کے رکن اسمبلی خوشحال سنگھ ادھیکاری کی مبصرین کے طور پر تقرری کی ہے۔ پارٹی کے امیدوار کا اعلان تینوں مبصرین کی رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی یہاں سے بی جے پی کی طرف سے الیکشن لڑیں گے۔ چمپاوت ضمنی انتخاب کو لے کر ریاستی صدر کرن مہرا کی صدارت میں ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت، قائد حزب اختلاف یشپال آریہ، سابق وزرا نو پربھات، ہیرا سنگھ بشٹ اور دنیش اگروال، ریاستی مہیلا کانگریس کی صدر جیوتی روتیلا اور راجیو گاندھی پنچایت راج تنظیم کے صدر موہت اونیال نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی ضمنی الیکشن متحد ہو کر لڑے گی۔ ریاستی جنرل سکریٹری تنظیم نے بتایا کہ چمپاوت ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کے بعد پارٹی امیدوار کے لئے مشاورت کی جائے گی۔ مبصرین اس رائے شماری کی بنیاد پر رپورٹ تیار کریں گے۔
کرن مہرا نے کہا کہ 28 اپریل سے ان کی گڑھوال منڈل یاترا مسوری میں واقع ’شہید استھل‘ سے شروع ہوگی اور یاترا 9 مئی کو گنگا آرتی کے ساتھ ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ 6 مئی کو کیدارناتھ دھام میں بابا کیدار کے درشن کریں گے اور 8 مئی کو بدری ناتھ دھام جائیں گے۔
کرن مہرا گڑھوال دورے کے دوران پارٹی کارکنوں سے ملاقات کریں گے اور رات کا قیام مقامی سطح پر سینئر کارکن کی رہائش گاہ پر ہوگا۔ اس دوران وہ پارٹی کی مضبوطی اور حوصلے بلند کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر کارکنوں سے بات کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔