اتراکھنڈ: عید پر مساجد اور عیدگاہ میں صرف 5 لوگوں کو ہی نماز ادا کرنے کی اجازت
ڈی جی پی نے ورچوئل میٹنگ میں تمام پولیس سپرنٹنڈنٹوں سے مختلف موضوعات پر مشورہ لیا۔ انہوں نے آئندہ عیدالفطر کے تہوار پر پولیس کی طرف سے کورونا وبا کے نظریہ سے کی جانے والی کارروائی کا جائزہ لیا۔
دہرہ دون: اتراکھنڈ میں کووڈ-19کے قہر کی وجہ سے اس بار بھی عید کے موقع پر عیدگاہ یا مساجد میں ہونے والی نماز میں زیادہ سے زیادہ پانچ لوگ ہی نماز ادا کرسکیں گے۔ اس سلسلہ میں ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) اشوک کمار نے ماتحتوں کو مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
منگل کو پولیس ہیڈکوارٹر میں واقع آڈیٹوریم میں ڈی جی پی نے ایک ورچوئل میٹنگ میں تمام پولیس سپرنٹنڈنٹوں سے مختلف موضوعات پر مشورہ لیا۔ انہوں نے آئندہ عیدالفطر کے تہوار پر پولیس کی طرف سے کورونا وبا کے نظریہ سے کی جانے والی کارروائی کا جائزہ لیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر پر عیدگاہ اور مساجد میں ہونے والی نماز میں گزشتہ برس کی طرح پانچ پانچ لوگوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں ضلاع کے علما اور مولاناؤں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کر کے ضروری کارروائی پہلے ہی کر لی جائے۔
اشوک کمار نے کہا کہ شاہی امام جامع مسجد دہلی کی طرف سے عیدگاہ اور مساجد میں بھیڑ نہ کئے جانے کی اپیل کو بھی جگہ جگہ سرکولیٹ کیا جائے۔ انہوں نے تمام ضلعی انچارجوں کو ہدایت دی ہے کہ کووڈ کرفیو پر سختی سے عمل یقینی بنائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔