اتراکھنڈ بی جے پی صدر مدن کوشک کی چھٹی، اسمبلی الیکشن ہارنے والے مہندر بھٹ نئے صدر مقرر
بی جے پی کے مرکزی دفتر سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے مہندر بھٹ کو اتراکھنڈ بی جے پی کا ریاستی صدر مقرر کیا ہے اور ان کی تقرری فوری طور سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتراکھنڈ میں بڑا ردوبدل کرتے ہوئے ریاستی پارٹی صدر مدن کوشک کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ اب ان کی جگہ مہندر بھٹ کو اتراکھنڈ بی جے پی کا صدر مقرر گیا ہے۔ مہندر بھٹ بدری ناتھ اسمبلی سیٹ سے الیکشن ہار گئے تھے، تاہم 50 سالہ بھٹ نند پریاگ اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کوشک کو حکومت میں جگہ دی جا سکتی ہے۔
بی جے پی کے مرکزی دفتر سے ہفتہ کے روز جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے مہندر بھٹ کو اتراکھنڈ بی جے پی کا ریاستی صدر مقرر کیا ہے اور ان کی تقرری فوری طور سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔ مہندر بھٹ کی عمر اس وقت 50 سال ہے اور وہ 2017 سے 2022 تک بدری ناتھ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گڑھوال علاقے کے ایک برہمن رہنما بھٹ کو ریاستی صدر کے طور پر مقرر کر کے بی جے پی نے ذات اور علاقے کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کماؤں خطے کے ٹھاکر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کووڈ وبا میں عوام کے حقیقی ہیرو بنے سونو سود 49 سال کے ہوئے
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کے حوالے سے کہا کہ بھٹ کا قد اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) اور بی جے پی کے یوتھ ونگ میں کام کرنے کے بعد بلند ہوا ہے، ان کا پس منظر آر ایس ایس سے وابستہ ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔