اتراکھنڈ: بی جے پی صدر نے کانگریس لیڈر پر کیا شرمناک تبصرہ، وزیر اعلیٰ کو مانگنی پڑی معافی
بنسی دھر بھگت کے بیان پر کانگریس لیڈر اندرا ہردیش نے کہا کہ ریاستی صدر پارٹی کا نمائندہ ہوتا ہے، وہ پارٹی کی قیادت کرتا ہے اور اگر ریاست کا صدر ہی اس طرح کی زبان استعمال کرے تو یہ ماں کی بے عزتی ہے۔
اتراکھنڈ بی جے پی کے ریاستی صدر بنسی دھر بھگت نے کانگریس کی سینئر لیڈر اور حزب مخالف لیڈر ڈاکٹر اندرا ہردیش کے تعلق سے انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ بی جے پی ریاستی صدر کے بیان پر چہار جانب تنقید ہو رہی ہے۔ حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت کو اندرا ہردیش سے معافی مانگنی پڑ گئی ہے۔
دراصل بنسی دھر نے اپنے ایک بیان میں اندرا ہردیش کو ’بُڑھیا‘ کہہ کر بلایا۔ انھوں نے یہ بیان نینی تال ضلع میں منعقد ایک پروگرام کے دوران دیا۔ وہ کانگریس لیڈر ڈاکٹر اندرا ہردیش کے اس بیان سے ناراض تھے جس میں اندرا نے کہا تھا کہ بی جے پی کے 5 سے 6 اراکین اسمبلی ان کے رابطے میں ہیں۔ اسی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بنسی دھر بھگت نے حزب مخالف لیڈر کو ’بڑھیا‘ کہہ کر بلایا اور پروگرام کے دوران ان کا مذاق بنایا۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق بنسی دھر بھگت نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہماری حزب مخالف لیڈر کہہ رہی ہیں کہ بی جے پی کے بہت سے اراکین اسمبلی میرے رابطے میں ہیں۔ ارے بڑھیا، تجھ سے کیوں رابطہ کریں گے، تجھ سے رابطہ کریں گے؟ کیا ڈوبتے جہاز سے رابطہ کریں گے؟‘‘ بنسی دھر کے اس بیان پر پروگرام میں موجود سبھی بی جے پی لیڈران قہقہہ لگاتے ہوئے نظر آئے۔ اس نازیبا تبصرہ پر بی جے پی کارکنان بھی ہنستے کھلکھلاتے ہوئے نظر آئے، لیکن اب ان سبھی کی پرزور تنقید ہو رہی ہے۔
بنسی دھر بھگت کے بیان پر اندرا ہردیش کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں بنسی دھر بھگت کے نازیبا کلمات سے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ اندرا ہردیش نے مزید کہا کہ ’’ریاستی صدر پارٹی کا نمائندہ ہوتا ہے، وہ پارٹی کی قیادت کرتا ہے۔ اگر ریاستی صدر ہی اس طرح کی زبان کا استعمال کریں تو یہ ماں کی طاقت کی بے عزتی ہے۔ اتراکھنڈ ہی نہیں، پورے ملک میں ہندوستانی تہذیب کا نام لینے والے بی جے پی کے ریاستی صدر نے جس طرح سے مجھے بے عزت کیا ہے، اسے ملک کی عورتیں، اتراکھنڈ کی عورتیں، پہاڑ کی عورتیں قطعی برداشت نہیں کریں گی۔‘‘ اندرا ہردیش نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’میں نازیبا کلمات کا استعمال نہیں کرتی ہوں، اس لیے کوئی غیر اخلاقی تبصرہ نہیں کروں گی۔ لیکن بی جے پی کی حکومت کو، ہندوستان کی حکومت کو، وزیر اعظم اور قومی صدر کو اس پر نوٹس لینا چاہیے اور بنسی دھر بھگت سے اس کا جواب مانگنا چاہیے۔‘‘
اب بنسی دھر کے بیان پر بی جے پی ڈیمیج کنٹرول میں مصروف ہو گئی ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے بنسی دھر بھگت کے بیان پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’معزز اندرا ہردیش بہن جی، آج میں انتہائی غمزدہ ہوں۔ عورتیں ہمارے لیے انتہائی معزز اور قابل قدر ہیں۔ میں نجی طور سے آپ سے اور ان سبھی سے معافی چاہتا ہوں جو میری طرح غمزدہ ہیں۔ میں کل آپ سے ذاتی طور پر بات کروں گا اور دوبارہ معافی چاہوں گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔