اتراکھنڈ: گولی باری میں بی جے پی لیڈر کی بیوی ہلاک، اشتہاری مجرم پکڑنے گئی یوپی پولیس پر قتل کا مقدمہ درج
فائرنگ کے دوران مرادآباد پولیس کے دو جوانوں کو گولی لگی ہے، جبکہ جسپور کے بی جے پی لیڈر اور بلاک سربراہ گرتاج سنگھ کی بیوی ہلاک ہو گئی، پولیس ٹیم کے کئی لوگوں کو مبینہ طور پر یرغمال بھی بنا لیا گیا۔
دہرادون: اتراکھنڈ میں یوپی پولیس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یوپی پولیس پر بی جے پی لیڈر کی بیوی کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، مرادآباد پولیس بدھ کی دیر رات اتراکھنڈ کے جسپور میں ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کرنے کے لئے گئی تھی۔
اس دوران گاؤں والوں نے پولیس کو گھیر لیا تو دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ فائرنگ میں جسپور کے بی جے پی لیڈر گرتاج سنگھ کی بیوی ہلاک ہو گئی۔ الزام ہے کہ خاتون کی موت پولیس کی فائرنگ سے ہوئی ہے۔ مرادآباد پولیس کے 2 اہلکاروں کو بھی گولیاں لگی ہیں۔ پولیس ٹیم کے کئی لوگوں کو یرغمال بنانے کی بھی اطلاع ہے۔
خیال رہے کہ مرادآباد پولیس ظفر کو پکڑنے گئی تھی، جس پر 50 ہزار کا انعام تھا۔ مرادآباد پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ظفر بلاک سربراہ گرتاج کے گھر چھپا ہوا ہے۔ مرادآباد پولیس کے پہنچنے پر دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی جس میں بلاک سربراہ کی بیوی گرپریت کور کی موت ہو گئی۔ کچھ پولیس اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔