اناؤ عصمت دری: ہائی کورٹ کا از خود نوٹس، سپریم کورٹ میں عرضی داخل

اناؤ عصمت دری معاملہ میں ایس آئی ٹی متاثرہ کو لے کر اس کے گاؤں پہنچی اور اہل خانہ کے ساتھ پوچھ گچھ کی۔ دریں اثنا الہ آباد ہائی کورٹ نے اس معاملہ پر از خود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اناؤ عصمت دری معاملہ منظر عام پر آنے اور متاثرہ کے والد کی حراست میں موت کے بعد یوگی کی قیادت والی بی جے پی حکومت مشکلوں میں ہے۔ متاثرہ کے والد کی آخری رسومات سخت سیکورٹی میں ادا کئے جانے کے بعد ضلع انتظامیہ اناؤنے عصمت دری کی متاثرہ کو ایک ہوٹل کے کمرے میں نظربند رکھا ہے اور کچھ کھانے پینے کے لئے بھی نہیں دیا گیا۔

اجتماعی عصمت دری کے اس معاملہ میں الہ آباد ہائی کورٹ نے بھی نوٹس لیا ہے اور جمعرات کو چیف جسٹس اس کی سماعت کریں گے۔ یوگی حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں بھی اناؤ معاملہ پر عرضی داخل کی گئی ہے۔ایک وکیل کی طرف سے دائر کی گئی عرضی کو عدالت عظمیٰ نے منظور کر لیا ہے۔ عرضی میں اناؤ اجتماعی عصمت دری کی تفتیش سی بی آئی سے کرائے جانے اور متاثرہ کے اہل خانہ کو معاوضہ دیئے جانے کامطالبہ کیا گیا ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
متاثرہ خاندان سے ملاقات کرتیں کانگریس کی سابق رکن پارلیمنٹ انو ٹنڈن

قبل ازیں متاثرہ نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ایک بار پھر انصاف کی مانگ کی۔ اس نے کہا ’’ضلع مجسٹریٹ نے ان کو اور ان کے خاندان کو ہوٹل میں رکھا ہوا ہے۔ مجھے پانی تک کے لئے نہیں پوچھا جا رہا ہے۔ میری زندگی کو دوزخ بنانےوالے بی جے پی رکن اسمبلی کو جلد از جلد گرفتار کرنا چاہیے اور مجرمان کو پھانسی کی سزا ملنی چاہئے۔‘‘

اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود ابھی تک بانگر مئو سے بی جے پی کے رکن اسمبلی کلدپ سنگھ سینگر کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔

تاہم، یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی تحقیقات کے لئے متاثرہ کے گاؤں میں پہنچی ہے اور اہل خانہ کے ساتھ پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اے ڈی جی (لا اینڈ آر ڈر ) پروین کمار پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو رکن اسمبلی سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایس آئی ٹی کو(آج) یعنی بدھ کی شام تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ادھر بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سینگر کی بیوی سیما سینگر نے لکھنؤ میں ڈی جی پی او پی سنگھ سے ملاقات کی اور اپنے شوہر کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ سیما سینگر اناؤ ضلع پنچایت کی صدر بھی ہیں۔

عصمت دری متاثرہ کے چچا اور مہلوک کے بھائی نے کہا ہے کہ وہ کافی عرصے سے پولس سے انصاف کے لئے فریاد لگا رہے تھے۔ لیکن ضلع انتظامیہ اور پولس نے انہیں کہا کہ وہ دباؤ میں ہیں اور ان کی مدد نہیں کر سکتے۔

یوگی حکومت اس معاملہ پر زبردست دباؤ میں ہے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اب تک بی جے پی کے رکن اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولس اس معاملہ کے 5 گرفتار شدگان کو ریمانڈ میں لینے کے لئے عدالت جانے کی تیاری کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Apr 2018, 1:58 PM