یو پی: گوشت پکانے کو لے کر تنازعہ، نو شادی شدہ جوڑے نے کھایا زہر، بیوی کی موت
لکھیم پور ضلع میں ایک نوشادی شدہ جوڑے نے شادی کے 15 دن بعد ہی مبینہ طور پر گوشت پکانے کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد زہر کھا لیا۔ علاج کے دوران بیوی کی موت ہو گئی جبکہ شوہر کی حالت نازک ہے۔
اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور میں ایک نوشادی شدہ جوڑے نے اپنی شادی کے محض 15 دن بعد ہی مبینہ طور پر گوشت پکانے کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد زہر کھا لیا۔ منگل کے روز علاج کے دوران بیوی کی موت ہو گئی جب کہ شوہر کی حالت اس وقت سنگین بنی ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق واقعہ پیر کے روز کا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ عیسیٰ نگر باشندہ 22 سالہ گرو دیال کی 12 جون کو 19 سالہ ریشما سے شادی ہوئی تھی۔ سبزی خور ریشما نے اپنے شوہر کی اس بات پر اعتراض ظاہر کیا کہ باورچی خانہ میں گوشت بنایا جائے۔ لیکن شوہر کے نہ ماننے پر جھگڑا بڑھ گیا۔ بعد میں رات میں دونوں نے مبینہ طور پر کوئی زہریلی چیز کھا لی۔ عیسیٰ نگر پولس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس افسر سنیل سنگھ نے بتایا کہ "شوہر-بیوی نے رسوئی میں گوشت پکانے کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد خودکشی کی کوشش کی۔ بیوی کی علاج کے دوران موت ہو گئی اور شوہر کی حالت سنگین ہے۔ ابھی تک ہم اس کا بیان درج نہیں کر پائے ہیں۔ معاملے میں کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی ہے۔"
کچھ اسی طرح کا مزید ایک واقعہ لکھیم پور میں سرزد ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ ایک شخص نے بیوی سے تنازعہ کے بعد خودکشی کر لی۔ بریلی ضلع کے رہنے والے اودھیش اوستھی اتوار کے روز اپنی بیوی انشو کے ساتھ لکھیم پور واقع دیوریا گاؤں اپنے سسرال پہنچے تھے۔ مبینہ طور پر پیر کی شب بیوی سے جھگڑے کے بعد اودھیش نے زہر کھا لیا اور علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ اودھیش کی فیملی نے ابھی تک تھانہ میں کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔