وکیل عبدالحنان کو سی ایم یوگی کے خلاف ٹوئٹ کرنا پڑا مہنگا، غداریٔ وطن کا کیس درج

محکمہ اطلاعات کے میڈیا ایڈوائزر نے سی ایم یوگی کا ایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس کا کیپشن تھا ’’تم کاغذ نہیں دکھاؤ گے، اور فساد بھی پھیلاؤ گے، تو ہم لاٹھی بھی چلوائیں گے... اور ہاں پوسٹر بھی لگوائیں گے‘‘

تصوریر سوشل میڈیا
تصوریر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف ایک قابل اعتراض ٹوئٹ کرنے والے کانپور ڈسٹرکٹ کورٹ کے وکیل عبدالحنان کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ وکیل کے خلاف غداریٔ وطن کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اور کارروائی کی جا رہی ہے۔

دراصل ریاست کے محکمہ اطلاعات کے میڈیا ایڈوائزر شلبھ منی ترپانی نے ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کا ایک ویڈیو شیئر کیا تھا۔ اس ویڈیو میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اسمبلی میں سی اے اے اور این پی آر کی مخالفت کررہے لوگوں کے خلاف کارروائی کو مناسب بتا رہے تھے۔ شلبھ منی ترپاٹھی نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا ’’تم کاغذ نہیں دکھاؤ گے، اور فساد بھی پھیلاؤ گے، تو ہم لاٹھی بھی چلوائیں گے، گھر بار بھی بکوائیں گے... اور ہاں پوسٹر بھی لگوائیں گے۔‘‘


اسی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے عبدالحنان نے اتوار کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ’دہشت گرد‘ ٹھہرا دیا تھا۔ ایک دیگر ٹوئٹ میں عبدالحنان نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ مظاہرین کو مفت میں قانونی مدد مہیا کرائیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے ’آئین سے محبت کرنے والوں‘ سے یہ اپیل بھی کی تھی کہ وہ اس ٹوئٹ کو خوب شیئر کریں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ’دہشت گرد‘ کہے جانے سے متعلق ٹوئٹ کے بعد ہی عبدالحنان کے خلاف پولس نے کارروائی کی۔

اس پورے معاملے میں پولس افسران کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے ایک شخص (عبدالحنان) کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے اور اسے گرفتار کر کے عدالت کے سامنے پیش بھی کیا ہے۔ بعد ازاں اس شخص کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔