یو پی: کانپور میں ضمانت پر رِہا چھیڑ چھاڑ کے ملزمین نے متاثرہ کی ماں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا
متاثرہ کی ماں اور اس کی موسی کے ساتھ مار پیٹ کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں 5 لوگ متاثرہ کی ماں اور اس کی موسی کو بے رحمی سے پٹائی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
اتر پردیش کے کانپور میں دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں پر ایک نابالغ لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کے ملزمین نے متاثرہ کی ماں کو اس قدر بے رحمی سے پیٹا کہ وہ موت کی نیند سو گئی۔ زخمی حالت میں متاثرہ کی ماں کو اسپتال لے جایا گیا تھا لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔ مار پیٹ کا معاملہ 9 جنوری کا بتایا جا رہا ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں بتایا کہ ضمانت پر رِہا ہونے کے بعد ملزم متاثرہ نابالغ لڑکی کے گھر میں گھسا اور اس کی ماں کو دھمکی دیتے ہوئے کیس واپس لینے کے لیے کہا۔ چونکہ متاثرہ کی ماں اس کیس کی اہم گواہ ہے اس لیے انھیں بری طرح ڈرایا دھمکایا گیا۔ اس کے باوجود جب ماں نے کیس واپس لینے سے منع کر دیا تو ملزمین نے پٹائی شروع کر دی۔ ان کے جانے کے بعد زخمی ماں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔
متاثرہ کی ماں اور اس کی موسی کے ساتھ مار پیٹ کا ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں 5 لوگ متاثرہ کی ماں اور اس کی موسی کو بے رحمی سے پٹائی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ سنگین طور پر زخمی دونوں خواتین کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس نے چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
نابالغ سے چھیڑ چھاڑ کا معاملہ 2018 کا ہے۔ ملزمین کے مطابق کانپور کے چکیری میں پڑوس کے ہی محفوظ اور بابو اپنے ساتھیوں کے ساتھ نابالغ کو سرعام اٹھا کر لے گئے تھے۔ ملزمین نے نابالغ کے ساتھ عصمت دری کی کوشش کی تھی۔ متاثرہ کے والد نے پوکسو ایکٹ میں درج کرائی تھی۔ اس کیس میں لڑکی کی ماں اور اس کی بہن نے گواہی دی تھی۔ اس معاملے میں پولس نے کیس درج کر 6 ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ حال ہی میں ملزمین کو ضمانت ملی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔