یو پی: پانچ سالہ تابش کا قتل کر لاش مسجد کے گنبد میں چھپانے والا اہم ملزم گرفتار
امروہہ پولیس کے مطابق پانچ سالہ بچے کے قتل معاملہ کا اہم ملزم کانٹھ بائپاس پر بدھ کی شب ہوئے تصادم میں پولیس کی گولی سے زخمی ہوا، اور پھر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
بدھ کے روز اتر پردیش کے امروہہ میں جس پانچ سالہ بچے تابش کی لاش مسجد کے گنبد سے برآمد ہوئی تھی، اس قتل واقعہ کا اہم ملزم پولیس کی گرفت میں آ چکا ہے۔ تابش کا اغوا کر 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیے جانے اور پھر بچے کا قتل ہونے کی خبر علاقے میں پھیلنے کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا تھا اور پولیس نے ملزمین کی فوری گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی تھی۔ آج امروہہ پولیس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے جانکاری دی کہ پانچ سالہ بچے کے قتل معاملہ کا اہم ملزم کانٹھ بائپاس پر گزشتہ رات ہوئے تصادم میں پولیس کی گولی سے زخمی ہوا، اور پھر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
امروہہ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے بدمعاش کا نام عرافات ہے اور امروہہ پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیتی کی ہدایت پر تھانہ نوگاواں سادات پولیس کے ذریعہ بچے کے اغوا اور قتل معاملہ کے اس ملزم کی گرفتاری ہوئی ہے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کے دائیں پیر میں گولی لگی ہے اور اس کے قبضے سے ایک طمنچہ اور کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نوگاواں صدر تھانہ حلقہ کے تحت گاؤں بیلنا میں پانچ سالہ تابش کا اغوا ہوا تھا۔ اغواکنندگان نے تابش کے اہل خانہ کے نام ایک چٹھی بھی چھوڑی تھی جس میں 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ اس بات کی خبر پولیس کو دینے پر بچے کے قتل کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔ بعد میں بچے کی لاش مسجد کی چھت پر بنے گنبد سے حاصل ہوئی۔
پولیس نے اس سلسلے میں پوچھ تاچھ کے بعد بدھ کے روز ہی دو لوگوں کو حراست میں لے لیا تھا۔ اب جب کہ اہم ملزم عرافات کی گرفتاری ہو گئی ہے تو، اس پورے معاملے کی سچائی سے جلد پردہ اٹھنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ اس وقت گولی لگنے سے زخمی عرافات کا علاج ضلع اسپتال میں چل رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔