یوگی راج میں کھلے عام گھوم رہی باپو کی توہین کرنے والی ہندو مہاسبھا کی پوجا شگن پانڈے
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہندو مہاسبھا کی رہنما نے مہاتما گاندھی کو بابائے قوم (راشٹر پتا) کہنے پر بھی سوال کھڑے کیے ہیں، پوجا پانڈے نے کہا کہ بابائے قوم کیا آئینی عہدہ ہے؟ میں نے بابائے قوم نہیں سنا ہے۔
اتر پردیش کے علی گڑھ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی توہین کرنے والی ہندو مہاسبھا کی خاتون رہنما پوجا شگن پانڈے یوگی حکومت میں کھلے عام گھوم رہی ہے، اب تک پولس نے اسے گرفتار نہیں کیا ہے، ہندو مہاسبھا کی خاتون رہنما میڈیا کے سامنے آئی اور اپنی غلطی پر معافی مانگنے کی بجائے ایک بڑا بیان دیا، اس نے نوٹوں پر باپو کی تصویر شائع ہونے پر سوال کھڑے کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پوجا شکن پانڈے فرار، 13 ہندو مہاسبھا کارکنان کے خلاف معاملہ درج
بابائے قوم مہاتما گاندگی کے پتلے پر ایئر پسٹل سے گولیاں چلانے والی ہندو مہاسبھا کی خاتون رہنما پوجا پانڈے جو فرار چل رہیں ہیں پہلی بار میڈیا کے سامنے آئی اور کہا، ’’میں گاندھی کو نہیں مانتی، کیا باپو ہی صرف ملک کی آزادی کے لئے ذمہ دار ہیں، جو نوٹوں پر ان کی تصویر چھاپی جاتی ہے، اگر گاندھی گيری سے ملک چل رہا ہے تو فوجیوں کو بندوق کی جگہ چرخہ تھما دیا جانا چاہیے‘‘۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہندو مہاسبھا کی خاتون لیڈر پوجا پانڈے نے مہاتما گاندھی کو بابائے قوم کہنے پر بھی سوال کھڑے کیے ہیں، اس نے کہا، ’’بابائے قوم کیا آئینی عہدہ ہے؟ میں نے بابائے قوم نہیں سنا ہے، ہم نے آر ٹی آئی ڈالی اور اس بارے میں پوچھا کہ کیا باپو ہی آزادی کے لئے ذمہ دار ہیں تو کیا دیگر قربانی دینے والے بیکار ہیں، جو گاندھی ہی نوٹوں پر چھپتے ہیں؟ میں ملک کے آئین کو سب سے بڑا مانتی ہوں‘‘۔
پوجا شگن پانڈے نے باپو کے پتلے پر ایئر پسٹل سے گولیاں چلانے پر صفائی دیتے ہوئے کہا، ’’وہ بندوق محض ایک کھلونا تھی، میں گاندھی کو نہیں مانتی، کیا مجھے آزادی اظہار کی اجازت نہیں ہے؟ میں نے آپنے دفتر اور اہل خانہ کے درمیان یہ سب کیا، ہر سال 30 جنوری کو مناتے ہیں، اس بار اس انعقاد کو تھوڑا سا مختلف کر دیا، تو طوفان کھڑا کر دیا گیا‘‘۔
غور طلب ہے کہ علی گڑھ میں مہاتما گاندھی کی برسی پر30 جنوری کو آل انڈیا ہندو مہاسبھا کی خاتون رہنما پوجا شگن پانڈے کی قیادت میں ’شوریہ دیوس‘ (بہادری کا دن) منایا گیا تھا، اس دوران مہاتما گاندھی کے پتلے پر ایئر پسٹل سے گولیاں داغی اور باپو کے قاتل ناتھو رام گوڈسے زندہ باد کے نعرے لگائے گئے تھے، اس کے بعد پولس نے کیس درج کر کچھ لوگوں کو تو گرفتار کر لیا، لیکن اب تک ہندو مہاسبھا کی خاتون رہنما پوجا شگن پانڈے کو پولس نے گرفتار نہیں کیا ہے، بلکہ وہ یوگی حکومت میں کھلے عام گھوم رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔