یوگی حکومت کے بجلی محکمہ کا کارنامہ، غریب خاندان کوتھمایا 128 کروڑ کا بل
بجلی محکمہ نے ایک گھر کا بجلی کنکشن کاٹ دیا اور اب پورے گھر کو بے حد شدید گرمی میں وقت گزارنا پڑ رہا ہے۔ ستر سالہ شمیم سوال کر رہے ہیں کہ 128 کروڑ کا بل وہ کیسے ادا کرے؟
اتر پردیش میں یوگی حکومت کے دوران بجلی محکمہ کی لاپروائی اور بدنظمی کے قصے آئے روز شہ سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں ایک اور خبر منظر عام پر آئی ہے کہ ہاپوڑ ضلع کے چمری گاؤں میں ایک 70 سالہ بزرگ کو بجلی محکمہ نے زبردست جھٹکا دیا ہے۔ بجلی محکمہ نے شمیم کو 1284595444 روپے کا بل تھمایا ہے۔
واضح رہے کہ یہ خاندان بے حد غریب ہے اور ان کا بجلی کا لوڈ محض دو کلو واٹ کا ہے۔ شمیم اپنی بیوی کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس غلطی کو سدھارنے کے لئے بجلی محکمہ میں بھی گئے لیکن افسران نے کہا کہ بل ادا کرو ورنہ بجلی کا کنکشن جوڑا نہیں جائے گا۔ ایسے حالات میں خاندان بہت پریشان ہے۔
شمیم نے کہا ’’کسی نے ہماری فریاد نہیں سنی۔ ہم کیسے اس رقم کو ادا کریں گے؟ ہم اس کی شکایت کرنے گئے تھے لیکن ہم سے کہا گیا کہ جب تک بل کی ادائیگی نہیں ہوگی بجلی کا کنکشن دوبارہ نہیں جوڑا جائے گا۔ ‘‘ شمیم نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا بجلی کا بل عموماً 700 سے 800 روپے کے قریب آتا ہے۔ لیکن ’اس مرتبہ محکمہ نے پورے شہر کا بل تھما دیا ہے۔ ‘
وہیں، لکھنؤ میں بجلی محکمہ کے سینئر افسران نے کہا کہ انہیں اس معاملہ کی معلومات نہیں ہیں، لہذا وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تکنیکی خامی ہو سکتی ہے جسے درست کر لیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔