حج ہاؤس کا بھگوا رنگ بدلوانے پر یوگی نےسکریٹری کا عہدہ چھینا!
یوگی حکومت نے حج کمیٹی کو نوٹس بھیج کر پوچھا تھا کہ کس اصول کے تحت حج ہاؤس کی دیوار کو بھگوارنگ سے پتوانے کے ایک دن بعد ہی اس رنگ کو تبدیل کیا گیا اور اس کا خرچ کون اٹھائے گا۔
لکھنؤ: اتر پردیش حج کمیٹی کے دفتر حج ہاؤس کی باہری دیواروں کا رنگ حال ہی میں پہلے بھگوار نگ میں کیا گیا تھا اور پھر اسے تبدیل کر دیا گیا ۔ اسی کو لے کر ریاستی حکومت نے حج کمیٹی کے سکریٹری پر کارروائی کی ہے اور انہیں عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق شعبہ اقلیتی بہبود کی چیف سکریٹری مونیکا ایس گرگ نے بتایا کہ حج کمیٹی کے سکریٹری آر پی سنگھ کو فوری عہدے سے ہٹا دیا گیاہے۔ اس عہدے پر مستقل تعیناتی ہونے تک اس عہدے کو اقلیتی بہوبود کے معاون ڈائریکٹر ونیت شریواستو کو سونپ دیا گیا ہے۔
آر پی سنگھ کو نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کی گئی تھی کہ کس حکم نامہ اور اصول کے تحت حج کمیٹی کے دفتر کی باہری دیوار کو بھگوار رنگ سے پوتا گیا اور ایک دن بعد ہی پھراس رنگ کو تبدیل کیوں کردیا گیا۔ دوبارہ پتائی کے لئے کون ذمہ دار ہے اور اس پتائی کا خرچ کون اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ ریاستی حج کمیٹی کے دفتر کی بیرونی دیواروں کو 5 جنوری کو بھگوا رنگ سے پتوا دی گئی تھیں۔ پہلے یہ دیوار سفید رنگ کی ہوا کر تی تھی۔
حج ہاؤس کی دیوار کو بھگوا رنگ سے رنگوانے پر حزب اختلاف نے یوگی حکومت کی سخت نکتہ چینی کی تھی اور مسلم طبقہ بھی اس کو لے کر ناراض ہو گیا تھا۔ اگلے ہی دن بھگوا رنگ کو تبدیل کر کے اسے ہلکے پیلے رنگ میں پوت دیا گیا۔
قبل ازیں بسوں، اسپتالوں کی چادروں اور مختلف سرکاری عمارتوں کو بھگوا رنگ میں پتوانے کو لے کر بھی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ یوگی حکومت نے اٹاوہ میں تو بیت الخلاؤں تک کو بھگوا رنگ میں رنگوا دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔