سیتاپور میں چھیڑ خانی کی مخالفت کرنے پر لڑکی کو جلایا
لڑکی کے والد کی تحریر کے مطابق گولو بدھ کو مٹی کا تیل لے کر گھر میں گھس آیا اور اس کی بیٹی پر تیل چھڑک کر اس کے جسم کو آگ لگانے کے بعد فرار ہوگیا۔
سیتاپور: اترپردیش کے ضلع سیتاپور کے شہر کوتوالی علاقے میں مبینہ طور سے چھیڑ چھاڑ کی مخالفت کرنے پر ایک نوجوان نے گھر میں گھس کر لڑکی کے جسم پر تیل چھڑک کر اس کے بدن کو آگ لگا دی۔
پولس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ سیتاپور سہر کوتوالی علاقے کی ایک گاؤں کی رہنے والی 17 سالہ لڑکی کے ساتھ منگل کو گولو نامی نوجوان نے عصمت دری کی کوشش کی تھی۔ لیکن لڑکی کے ذریعہ مخالفت کیے جانے پر وہ اسے دھمکی دے کر فرار ہوگیا تھا۔
لڑکی کے والد کی تحریر کے مطابق گولو بدھ کو مٹی کا تیل لے کر گھر میں گھس آیا اور اس کی بیٹی پر تیل چھڑک کر اس کے جسم کو آگ لگانے کے بعد فرار ہوگیا۔ لڑکی کے چلانے پر پڑوسیوں نے وہاں پہنچ کر آگ بجھائی اور اسے ضلع اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا۔ لڑکی کی حالت نازک ہوتی دیکھ ڈاکٹروں نے متأثرہ کو لکھنؤ کے شیاما پرساد مکھرجی اسپتال ریفر کردیا۔
لکھنؤ زون کے اڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس راجیو کرشنا نے آج لکھنؤ کے سول اسپتال پہنچ کر متأثرہ کا حال چال جانا اور حادثے کے بارے میں جانکاری لی۔ انہوں نے بتایا کہ متأثرہ 70 تا 80 فیصدی جھلس گئی ہے۔ پولس مفرور ملزم گولو کی تلاش میں ہے۔
وہیں اس پورے معاملے میں مقامی افراد کا کہنا ہے کہ لڑکی اور گولو کے درمیان معاشقہ چل رہا تھا اور دو دن پہلے دونوں کے اہل خانہ نے دونوں کو پکڑ لیا تھا۔ بعد میں لڑکی نے خود کو آگ لگا لی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔