یو پی اسمبلی میں سماجوادی پارٹی لیڈر کو برین ہیمریج، ٹراما سینٹر میں داخل
اتر پردیش اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے پہلے دن ایوان میں گورنر کی تقریر کے دوران ایس پی اور بی ایس پی کے اراکین اسمبلی نعرہ بازی کر رہے تھے۔ اسی دوران ایس پی لیڈر سبھاش پاسی اچانک بیہوش ہو گئے۔
اتر پردیش اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے پہلے دن ویل میں نعرہ بازی کرتے ہوئے غازی پور سے سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی سبھاش پاسی بیہوش ہو کر گر پڑے۔ اس کے بعد انھیں شیاما پرساد مکھرجی سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کو برین ہیمریج ہو گیا ہے۔ چیک اَپ کے بعد ڈاکٹروں نے سبھاش پاسی کو کے جی ایم یو کے ٹراما سینٹر میں ریفر کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
بجٹ اجلاس کے پہلے دن اسمبلی میں گورنر کی تقریر ہو رہی تھی۔ اسی دوران سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے رکن اسمبلی ریاست میں خراب نظامِ قانون سمیت کئی ایشوز کو لے کر نعرہ بازی کرتے ہوئے ایوان کے ویل میں پہنچ گئے۔ ان میں سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی سبھاش پاسی بھی موجود تھے جو نعرہ بازی کرتے وقت اچانک بیہوش ہو کر ویل میں ہی گر پڑے۔ بیہوش ہونے کے بعد رکن اسمبلی کو اسپتال لے جایا گیا۔
یو پی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی شروعات ہنگامہ خیز ثابت ہوئی۔ گورنر کی تقریر کے دوران ہی ایس پی اور بی ایس پی اراکین اسمبلی نے ایوان میں جم کر ہنگامہ اور نعرہ بازی شروع کر دی تھی۔ اس دوران اپوزیشن کے اراکین اسمبلی نے گورنر کے اوپر کاغذ کے ٹکڑے بھی پھینکے۔ ایس پی رکن اسمبلی اعظم خان سمیت پارٹی کے سبھی اراکین ایوان میں موجود تھے جنھوں نے مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی یوگی حکومت پر جم کر نشانہ سادھا۔ ایوان میں اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان گورنر نے اپنی تقریر جاری رکھی۔ اس دوران اپوزیشن کے اراکین اسمبلی ایوان کے ویل میں بینر لہراتے رہے۔ ایوان میں ہنگامہ کے درمیان ہی گورنر رام نائک نے اپنی تقریر کسی طرح مکمل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔