اترپردیش: مختلف حادثوں میں 30 سے زیادہ افراد ہلاک، متعد زخمی
اترپردیش کے مختلف اضلاع می گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر ہونے والے سڑک حادثوں میں 30 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
لکھنؤ: اترپردیش کے مختلف اضلاع می گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر ہونے والے سڑک حادثوں میں 30 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اترپردیش میں ضلع متھرا کے بلدیو علاقہ میں منگل کی صبح ایک ایمبولینس اور کار کے درمیان بھیانک ٹکرمیں دو خواتین سمیت 8 افراد کی موت ہو گئی جبکہ دیگر 5 زخمی ہو گئے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ آدتیہ شکلا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیاجب بلدیو علاقے کے برج سکھدیو گاؤں کے نزدیک یمنا ایکسپریس وے پر مزدور ظہیر کی لاش دہلی سے بہار لے جارہی تیز رفتار ایمبولینس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر دوسری جانب پلٹ گئی۔ اسی اثنا میں آگرہ کی جانب سے آرہی تیز رفتار کار اس سے جاٹکرائی۔ ضلع کانپور کے گھاٹم پور تھانہ علاقے میں مغربی بنگال میں تعینات آئی پی ایس افسر کے کنبےکے 4 افراد اور کار ڈرئیور کی ایک سڑک حادثے میں موت ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ 2015 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہاوڑ کے اے ایس پی ڈاکٹر اروند کمار آنند کا خاندان بریلی میں منعقد ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپس گھر لوٹ رہا تھا کہ دیر رات ان کی کار کانپور۔ساگر قومی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ویر پور کے نزدیک کار کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے بعد کار مزید ایک دیگر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ مرنے والوں میں آنند کے والد دنیش رجک(55)،والدہ رجنی، بہن، ماما اور ڈرائیور دویندر شامل ہیں۔
ضلع ہردوئی سے موصول اطلاعات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف سڑک حادثوں میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق منگل کو بگھولی علاقے میں بگھول۔ پرتاپ نگر سڑک پر حسین پور کے نزدیک گذشتہ رات کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آنے سے موٹر سائیکل سوار تین افراد کی موت ہوگئی۔ تینوں کسی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپس گھر جارہے تھے۔مرنے والوں کی شناخت راجیندر پرساد باشندہ منا کھیڑا تھانہ قاسم پور، منشی رام باشندہ مردن کھیڑا تھانہ قاسم پور اور منشی رام باشندہ براہیم پور تھانہ بینی گنج کے طور پر ہوئی ہے۔
وہیں منگل کی صبح ایک دوسرے سڑک حادثے میں کوتوالی شہر علاقے میں ہردوئی بلرگرام روڈ پر کاس راوا گاؤں کے سامنے کانپور سے اخبار لانے والی ٹیکسی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔اس حادثے میں شاہ آباد قصبہ کے چوک باشندہ شوم گپتا اور کٹرا باشندہ اودھیش پرجا پتی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس واقعہ میں شاہ آباد کے رہنے والے سمت گپتا شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
مرزا پور میں الگ الگ حادثوںمیں چار لوگوں کی موت ہوگئی پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ مرزا پور کے اہرورا تھانہ علاقے کے ہنومان پہاڑی میں منگل کوا یک ٹرک بے قابو ہرکر گھاٹی میں گر گیا۔ جس سے ٹرک میں سوار جگانہ تھانہ کے پٹہرا گاؤں باشندہ رویندر پاٹھک اورضلع بھدوہی کے گوپی گنج تھانہ علاقے کی رہنے والی دیوی شنکر کی موت ہوگئی۔ ٹرک ڈرائیور اورکنڈکٹر بحفاظت بچ گئے۔
انہوں بتایا کہ ایک دوسرے حادثے میں چنار تھانہ علاقے کے کسمہی گاؤں میں راج کمار نامی شخص کے گھر کے تعمیر کا کام چل رہا ہے۔ آج صبح کام کے دوران راج کمار نے ایک لوہے کا چھڑ اٹھایا کہ چھڑا اوپر سے گذر رہے بجلی کی تار سے ٹکر گیا جس سے راج کمار اس کی زد میں آکر جھلس گیا۔ اسے بچانے کے لئے دوڑ کر آئے مزدور کلو بھی بجلی کرنٹ کی زد میں آگیا جس سے دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
ضلع بلند شہر کے انوپ شہر تھانہ علاقے میں منگل کو ایک بے قابو کار نے سڑک پر کھڑی دو خواتین کو ٹکر مارتے ہوئے سورج پور مکھینا نہر میں پلٹ گئی۔ اس حادثے میں کار سوار چار افراد وایک خاتون کی موت ہوگئی۔ پولیس اطلاعات کے مطابق مرادآباد کے کٹگھر تھانہ علاقہ باشندہ سمت اپنی بیوی، بیٹے، رشتہ دار اور ان کی بیوی و ساس کے ساتھ کار سے ورنداون میں ایک شادی تقریب میں شرکت کر نے کے لئے جارہے تھے۔ سورج پور کھینا نہر کے نزدیک دو خواتین روڈویز بس میں سوار ہوری تھیں کی اسی وقت سمت سے کار بے قابو ہوگئی اور اس نے دونوں کوٹکر ماردی ۔ بے قابو کار ٹکر مارنے کے بعد نہر میں پلٹ گئی۔
اس حادثے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچی پولیس نے چار لوگوں کو کار سے باہر نکالا گیا لیکن اس وقت تک سمت(28)، بیوی پراچی(26)، گنو(02) للت(52) کی موت ہوچکی تھی۔ مہلوک للت کی بیوی منی(50) اور سمت کی ساس لکشمی(70) کو نوئیڈا اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔ وہیں کار کی ٹکر سے بھوپت پور نگلا گاؤں کی جسونتی(40) نے بھی دم توڑ دیا جبکہ شیلا دیوی شدید طور سے زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے سبھی افراد کے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ ضلع فیروزآباد میں منگل کو مختلف سڑک حادثوں میں چار لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 14 زخمی ہوگئے۔
پولیس اطلاعات کے مطابق جسرانا کے گھرور سڑک پر چیپلا بنبا کے نزدیک ٹیمپو اور اومنی وین کی ٹکر میں ایک معصوم کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ مین پوری کے برناہل تھانہ علاقے کے حکیم پور باشندہ سنیل کمار اپنے ڈھائی مہینے کے بیٹے شوم عرف کرشنا کا مونڈن کرانے کے لئے بیڑھت گاؤں میں ہورہے زخمئی میلہ جارہے تھے کہ راستے میں ٹیمپو اومنی وین سے ٹکرا گیا اس واقعہ میں شیوم کی موت ہوگئی جبکہ سنیل و اسکی بیوی کرشمہ، سنیل کی ماں راج بیٹی، والد اوم پرکاش، بھائی انشل، بہن مونی ، پونم اور کرینہ زخمی ہوگئے۔ ان سبھی کو اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔
وہیں ایک دوسرے حادثے میں شکوہا آباد، مین پوری شاہراہ پر اراوں کے نزدیک ٹائر کے پھٹنے سے بے قابو میجک پلٹ گئی۔ اس کی زد میں آنے سے بائیک سوار ہری اوم کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ اس حادثے میں میجک پر سوار چھ لوگ زخمی ہوگئے۔
فیروزآباد شکوہآباد قومی شاہراہ پر مکھن پور تھانہ علاقے میں پیش آئے ایک دیگر حادثے میں ایک بچے کی موت ہوگئی جبکہ دیگر کچھ زخمی ہوگئے۔ پولیس سے موصول اطلاع کے مطابق ضلع مین پوری کے تھانہ کراولی علاقے کے مداولی گاؤں باشندہ پردیپ راجپوت اپنے خاندان کے ساتھ مکھن پور علاقے میں کرایہ پر رہتا ہے۔ اس کا نو سالہ بیٹا رشبھ منگل کی شام چار بجے کچھ سامان لانے ایک ٹھیلہ پر گیا تھا۔ اچانک ایک بے قابو کار نے ٹھیلہ، ایک بائیک سوار و بچے کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس حادثے میں بچے کی موت ہوگئی جبکہ دیگر کئ زخمی ہوگئے۔
وہیں فیروزآباد۔ٹنڈلا قومی شاہراہ پر جاج پور گاؤں کے پاس نزدیک سہاگن نگر باشندہ پنکج شریواستو ولد راماکانت(30) بائیک سے ٹنڈلہ مریض دیکھنے گیا تھا۔ جہاں سے گھر لوٹے وقت جاج پور کے نزدیک بے قابو ہوکر اس کی بائیک ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی اس حادثے میں اس کی موت ہوگئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔