اترپردیش: اجئے رائے نے شروع کی شکایتی باکس مہم، عوامی شکایات ازالے کی جانب کانگریس کا ایک اہم قدم

اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے اجئے رائے نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا کام نہیں ہو رہا ہے یا جنہیں بی جے پی حکومت ہراساں کر رہی ہے، وہ اس شکایتی باکس کے ذریعے ہم سے براہ راست شکایت کر سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>اجئے رائے / ’ایکس‘&nbsp;@INCUttarPradesh</p></div>

اجئے رائے / ’ایکس‘@INCUttarPradesh

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے نے اتوار (28 جولائی) کو لکھنؤ کانگریس ہیڈکوارٹر میں شکایتی باکس مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کو کانگریس نے عوامی شکایات کے ازالے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے اجئے رائے نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا کام نہیں ہو رہا ہے یا جنہیں بی جے پی حکومت ہراساں کر رہی ہے، وہ اس شکایتی باکس کے ذریعے ہم سے براہ راست شکایت کر سکتے ہیں، ان کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے اترپردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے نے کہا کہ اس وقت یوپی کی تحصیلوں اور تھانوں میں دلالوں کا غلبہ ہے، جس کی وجہ سے عوام کو اپنے کاموں کے لیے بے انتہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شکایتی باکس ضلعی کانگریس کے دفاتر میں رکھا جائے گا۔ فی الحال 6 اضلاع جہاں ہمارے ایم پی ہیں، ان میں کانگریس کے دفاتر میں یہ باکس رکھے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تین اہم اضلاع بنارس، گورکھپور، لکھنؤ کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ ہم اس مہم کو ان اضلاع میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کر رہے ہیں۔ اس کے بعد دیگر اضلاع کو بھی اس سے جوڑا جائے گا۔


اتر پردیش کانگریس کے صدر نے کہا کہ ضلعی سطح کی کمیٹیوں میں وکلاء، ریٹائرڈ افسران، میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی کارکن اور کانگریس لیڈران شامل ہوں گے۔ اگر وہاں سے شکایات کا ازالہ نہ ہوا تو صوبائی کمیٹی شکایات کا ازالہ کرے گی۔ اس میں ہمارے ایم پی، ایم ایل اے اور دیگر پارٹی لیڈران شامل ہوں گے۔ اجئے رائے نے کہا کہ کانگریس سیوا دل کا تین روزہ کیمپ شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ کیمپ 6 تا 8 اگست غازی آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ ہم اس کیمپ کو ڈویژنل اور ضلعی سطح تک لے جانے کی کوشش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔