امریکہ کابل ایئر پورٹ پر حملے کے ذمہ دارلوگوں کو پکڑے گا: جو بائیڈن
بائیڈن نے حملے کے لئے ذمہ دار لوگوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ’’ہم ان کا شکار کریں گے اور انہیں اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے‘‘
واشنگٹن: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعہ کے روز کہا کہ کابل ہوائی اڈے پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کو پکڑا جائے گا۔ بائیڈن نے حملے کے لئے ذمہ دار لوگوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ’’ہم ان کا شکار کریں گے اور انہیں اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے‘‘۔
صدربائیڈن کا یہ بیان کابل ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کے بعد آیا ہے ، جس میں امریکہ کے 13 جوانوں سمیت تقریباً 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان سے امریکی لوگوں کو نکالنے کی مہم جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا ’’ ہم معاف نہیں کریں گے۔ ہم نہیں بھولیں گے۔ ہم ان کا شکار کریں گے اور ان کو اس کے نتائج بھگتنے پڑیں گے‘‘ ۔
پینٹاگون نے کہا کہ ہوائی اڈے کے باہر ہوئے دو الگ الگ خودکش بم دھماکوں میں 12 امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔ امریکہ کی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ کل 18 زخمیوں میں سے ایک اور امریکی فوجی ہلاک ہوگیا ۔ مارے گئے 13 امریکی فوجیوں میں 10 میرین جوان بھی شامل ہیں۔
ادھر، امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ 31 اگست تک افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کے انخلا کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ بائیڈن نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ’’میرا یہ نظریہ کبھی نہیں رہا ہے کہ ہمیں افغانسان میں جمہوری حکومت قائم کرنے کی کوشش میں امریکی لوگوں کی جانیں قربان کرنی چاہئیں، ایک ایسا ملک جو اپنی پوری تاریخ میں کبھی ایک متحد ملک نہیں رہا ‘‘۔
انہوں نے کہا کہ 20 برسوں سے جاری جنگ کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ بائیڈن کا یہ بیان کابل ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کے بعد آیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں افغانی اور غیر ملکی شہری کابل ہوائی اڈے پر وہاں سے نکالے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔