’دنیا کے لیے ہماری دوستی بہت ضروری‘، امریکی صدر سے ملاقات کے بعد پی ایم مودی کا بیان
وزیر اعظم دفتر کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے ماریش کے وزیر اعظم پرویند کمار جگنوتھ اور بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ پی ایم مودی کی میٹنگ کی تصدیق کی گئی۔
جی-20 اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے سربراہان کا دہلی پہنچنا جاری ہے۔ مصری صدر عبدالفتح السیسی، برطانوی وزیر اعظم رشی سنک، بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ، آسٹریلیائی وزیر اعظم اینتھنی البنیز، یو اے ای صدر شیخ محمد بن زاید الناہیان، ماریشش کے وزیر اعظم پرویند کمار جگنوتھ، کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، ترکیے کے صدر رجب طیب اردغان، انڈونیشیائی صدر جوکو ویڈوڈو وغیرہ راجدھانی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ امریکی صدر جو بائڈن کی بھی دہلی آمد ہو چکی ہے اور انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش پر پہنچ کر ان سے ملاقات بھی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی-20 میں شرکت کے لیے امریکی صدر جو بائڈن دہلی پہنچے، اور پھر ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سیدھے پی ایم ہاؤس یعنی 7، لوک کلیان مارگ پہنچے۔ اس دوران دونوں لیڈران کی جی-20 اجلاس سے الگ دو فریقی ملاقات ہوئی۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم دفتر کے ذریعہ بھی جانکاری دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ’’ان کی بات چیت میں بہت سے مسائل شامل ہیں اور اس سے ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔‘‘
بتایا جاتا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائڈن کے درمیان تقریباً 45 منٹ کی گفتگو ہوئی۔ اس دو فریقی ملاقات میں دونوں ممالک کی طرف سے 7-7 نمائندوں نے حصہ لیا۔ میٹنگ کے بعد امریکی صدر بائڈن موریہ ہوٹل کے لیے روانہ ہو گئے۔ اس ملاقات کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ہم دونوں کی میٹنگ اچھی رہی۔ دنیا کے لیے ہماری دوستی بہت ضروری ہے۔ ہم ہندوستان اور امریکہ کے درمیان رشتوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔‘‘
اس سے قبل وزیر اعظم دفتر کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے ماریش کے وزیر اعظم پرویند کمار جگنوتھ اور بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ پی ایم مودی کی میٹنگ کی تصدیق کی گئی۔ دراصل وزیر اعظم مودی 8 سے 10 ستمبر کے درمیان دنیا بھر کے لیڈروں کے ساتھ 15 سے زائد دو فریقی میٹنگیں کریں گے۔ پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ دو فریقی میٹنگیں دوستی اور تعاون کے رشتے کو مزید گہرا کریں گی۔
بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے پی ایم مودی کی ملاقات کے بارے میں وزیر اعظم دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پی ایم مودی نے ہند-بنگلہ دیش دو فریقی تعاون میں تنوع لانے سے متعلق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ مثبت بات چیت کی۔ وہ رابطہ، ثقافت کے ساتھ ساتھ پیپل ٹو پیپل رلیشن سمیت کئی شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے پر متفق ہوئے۔‘‘
ماریشس کے وزیر اعظم سے پی ایم مودی کی ملاقات کے بارے میں بھی وزیر اعظم دفتر نے جانکاری دی۔ پی ایم او نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پی ایم مودی نے ماریشش کے وزیر اعظم پرویند کمار جگنوتھ کے ساتھ ملاقات کی، جو کہ ہندوستان کے ویژن ساگر کا اٹوٹ حصہ ہے۔ دونوں لیڈروں نے اس سال اپنی قابل ذکر 75ویں سالگرہ کے پیش نظر ہند-مارشس دو فریقی تعلقات میں قابل ذکر اضافہ کو حوصلہ بخش مانا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔