ناراض ملائم نے سیفئی میں بلایا اجلاس، کیا شیو پال کی ہوگی واپسی؟
لوک سبھا انتخابات میں زبردست شکست کے بعد سماجوادی پارٹی کے سپریم لیڈر ملائم سنگھ نے سیفئی میں پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے اور یہ اطلاعات ہیں کہ ان کے بھائی شیو پال بھی اس اجلاس میں شامل ہو سکتے ہیں۔
فی الحال بی ایس پی اور ایس پی کا اتحاد ٹوٹ چکا ہے اور دونوں پارٹی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں اکیلے چناؤ لڑنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں کراری شکست کے بعد ایک جانب بی ایس پی سپریموں مایاوتی نے اتحاد چھوڑنے کا اعلان کیا ہے اور دوسری جانب سماجوادی پارٹی کے اکھیلیش یادو نے کہا ہے کہ کئی مرتبہ تجربات ناکام بھی ہو جاتے ہیں۔ اب دونوں پارٹیاں اسمبلی کی 11 سیٹوں پر علیحدہ انتخابات لڑیں گی۔ اب خبر یہ ہے کہ اس شکست سے ناراض ملائم سنگھ یادو نے پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں اس بات کے امکان ہیں کہ شیو پال یادو بھی اس اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں۔
اس اجلاس میں شرکت کے لئے سماجوادی پارٹی کے کئی بڑے رہنما سیفئی پہنچ چکے ہیں اور اگر شیو پال یادو بھی اس اجلاس میں شرکت کرتے ہیں تو یہ ان کی واپسی کا واضح اشارہ ہوگا۔ شیو پال اس تعلق سے ابھی کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہے ہیں، ان سے پوچھے جانے پر نہ تو انہوں نے اس کے امکان کی تردید کی اور نہ ہی تصدیق کی۔
واضح رہے سال 2014 میں بھی سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا کی پانچ سیٹیں جیتی تھیں اور اس مرتبہ بھی اتنی ہی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اتحاد کی وجہ سے خود اکھلیش میں زبردست جوش تھا لیکن نتائج نے ان کے سارے جوش پر پانی پھیر دیا ہے۔ اس مرتبہ تو حد ہی ہو گئی کہ خود اکھلیش کی اہلیہ ڈمپل یادو اور رشتہ کے بھائی دھرمیندر یادو بھی ہار گئے۔ اس کے علاوہ رام گوپال یادو کے بیٹے اکشے یادو بھی چناؤ ہا رگئے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا شیو پال یادو اور رام گوپال یادو دوبارہ ساتھ آ سکتے ہیں کیونکہ دونوں کے درمیان زبردست اختلافات ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔