یو پی ایس سی میں کامیاب مزدور کے بیٹے وشال کی جدوجہد، ماں نے بکری پال کر گھر چلایا، ٹیچر نے فیس ادا کی!
وشال نے یو پی ایس سی میں 484 ویں رینک حاصل کی ہے۔ وشال کے سر سے والد کا سایہ بچپن میں ہی اٹھ گیا تھا، والد کا خواب تھا کہ ان کا بیٹا ایک دن پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے گا، وشال نے اسے پورا کر دکھایا
مظفر پور: بہار کے ضلع مظفر پور کے انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے وشال کمار نے یو پی ایس سی (یونین پبلک سروس کمیشن) کے امتحان میں 484 ویں رینک حاصل کی ہے۔ وہ اپنی کامیابی کا سہرا خاندان کے ساتھ ساتھ استاد گوری شنکر پرساد کے بھی سر باندھتے ہیں۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق، وشال نے بتایا کہ کس طرح ان کے استاد گوری شنکر نے مشکل حالات میں ان کی مدد کی اور انہیں یو پی ایس سی کی تیاری کے لئے راغب کیا۔ انہوں نے بتایا "استاد گوری شنکر نے میری پڑھائی کی فیس ادا کی۔ پڑھائی کے دوران جب مجھے پیسوں کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا، تو استاد نے مجھے اپنے گھر میں رکھا۔ جب میری نوکری لگ گئی تو انہوں نے مجھے نوکری چھوڑنے اور یو پی ایس سی کی تیاری کرنے کو کہا۔ اس دوران بھی انہوں نے میری کافی مالی مدد کی۔‘‘
مظفر پور کے مینا پور بلاک کے مقصود پور گاؤں کے رہائشی وشال کے والد کا سال 2008 میں انتقال ہو گیا تھا۔ والد مزدوری کر کے خاندان کا پیٹ پالتے تھے۔ وشال کی والدہ رینا دیوی نے اپنے والد کا سایہ سر سے اٹھنے کے بعد بکریاں اور بھینسیں پال کر مشکل سے خاندان کی پرورش کی، تاہم انہوں نے وشال کو کبھی یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ اس کے والد اس دنیا میں نہیں رہے!
وشال کے والد مرحوم بیکاؤ پرساد ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ ’میرا وشال ایک دن پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے گا۔‘ وشال نے آج اس بات کو سچ کر دکھایا اور اس کی وجہ سے پورے علاقے میں خوشی کا ماحول ہے۔
خیال رہے کہ وشال نے سال 2011 میں میٹرک ٹاپ کیا تھا۔ پھر سال 2013 میں انہوں نے 12ویں کا امتحان پاس کر کے آئی آئی ٹی کانپور میں داخلہ لیا۔ وہ 2017 میں یہاں سے فارغ التحصیل ہوئے۔ پھر ایک سال ریلائنس میں ملازمت کی اور ٹیچر گوری شنکر کی صلاح پر نوکری چھوڑ کر یو پی ایس سی کی تیاری کرنے لگے۔ وشال نے سچی لگن اور محنت سے اپنی منزل حاصل کر لی اور لوگ گھر آکر انہیں اور اہل خانہ کو مبارکباد دے رہے ہیں۔
ٹیچر گوری شنکر نے کہا کہ وشال شروع سے ہی پڑھائی میں بہت ہوشیار تھا لیکن جب 2008 میں ان کے والد کا انتقال ہوا تو یہ ان کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ وشال نے تب سے مزید محنت شروع کی اور نتیجہ یہ نکلا کہ آج اس نے یو پی ایس سی پاس کر لیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔