دہلی جل بورڈ بدعنوانی معاملہ پر اسمبلی میں ہنگامہ، مارشل نے بی جے پی اراکین اسمبلی کو باہر نکالا
ہنگامہ کرنے والے بی جے پی ارکان اسمبلی کو مارشل کے ذریعے باہر نکال دیا گیا، جہاں انہوں نے دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا کے ساتھ مل کر مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنا دیا۔
دہلی جل بورڈ میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے آج اسمبلی کی کارروائی کے دوران جم کر ہنگامہ کیا۔ اس ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے مارشل کے ذریعے انہیں اسمبلی سے باہر نکال دیا گیا۔ ہنگامہ کرنے والے بی جے پی کے یہ اراکین حکومت کی رپورٹ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مانگ کر رہے تھے، مگر اسپیکر بحث کرانے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔ اسمبلی کا یہ اجلاس دہلی کے اسپتالوں میں ادویات کی قلت پر بحث کے لیے بلایا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران ہی بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے دہلی جل بورڈ کا معاملہ اٹھایا اور اس پر حکومت کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مانگ کی۔ انہیں روکنے کی کوشش کی گئی، مگر جب ان کا ہنگامہ جاری رہا تو مارشل کے ذریعے انہیں ایوان کے باہر نکال دیا گیا۔ ان ہنگامہ کرنے والے ارکان اسمبلی کے ساتھ دہلی بی جے کے صدر وریندر سچدیوا بھی شامل ہو گئے اور سب نے مل کر اسمبلی کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنا دیا اور احتجاج کیا۔
دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجیو جھا نے اسمبلی کے احاطے میں بی جے پی کے ارکان اسمبلی کے دھرنا و احتجاج میں ریاستی بی جے پی کے صدر کے شامل ہونے کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے اس معاملے میں اسمبلی کے اسپیکر کو تحریری شکایت دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر نے اسمبلی کا غلط استعمال کیا ہے، اس لیے اس معاملے کی جانچ کرتے ہوئے کارروائی کی جائے, نیز ان کو اسمبلی کے احاطے میں داخلہ دلانے والے کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔