اتر پردیش: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر یوگی کے وزیر پر لگا 500 روپے کا جرمانہ اور ہوگئے بری

اتر پردیش کے وزیر میانکیشور شرن سنگھ نے جرمانے کی رقم جمع کرانے اور کیس کو بند کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ مقامی عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی کارروائی کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا۔

میانکیشور شرن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
میانکیشور شرن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے وزیر میانکیشور شرن سنگھ 2017 میں ایک انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں سلطان پور کی ایک عدالت میں پیش ہوئے اور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق، 500 روپے کا جرمانہ جمع کرایا۔ اس کے بعد ان کے خلاف کارروائی بند کر دی گئی۔ وزیر مملکت برائے صحت اور تلوئی اسمبلی حلقہ سے پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ ہائی کوٹر کے حکم پر ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (اے سی جے ایم 3) صائمہ صدیقی جرار عالم کی عدالت میں پیش ہوئے۔

شرن سنگھ نے جرمانے کی رقم جمع کرانے اور کیس بند کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ مقامی عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی کارروائی کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا۔ وزیر کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ روی ونش سنگھ نے کہا کہ پولیس نے 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے دوران امیٹھی ضلع کے گوری گنج کوتوالی علاقے میں مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر شرن سنگھ اور ان کے 150 نامعلوم حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔


پولیس نے صرف شرن سنگھ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی کیونکہ تحقیقات کے دوران حامیوں کا پتہ نہیں چل سکا تھا۔ وکیل نے کہا کہ 18 مارچ 2019 کو داخل کی گئی چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے اے سی جے ایم نے وزیر کو طلب کیا تھا۔ میانکیشور شرن سنگھ نے عدالت کے حکم اور پولیس کی چارج شیٹ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے متعلقہ عدالت کو جرمانہ جمع کرانے کے بعد کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس حکم کی تعمیل کرتے ہوئے سنگھ نے جرمانہ جمع کرا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔