حراست میں موت کے معاملے میں بیک فٹ پر یوگی حکومت! 11 پولیس اہلکار معطل، مفرور اہلکاروں کی تلاش جاری

پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 11 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی محکمہ پولیس نے مفرور پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے 6 ٹیمیں تشکیل دی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں یوگی حکومت کی پولیس ایک بار پھر سوالوں کے گھیرے میں ہے۔ جو پولیس عوام کو تحفظ اور اعتماد فراہم کرنے کا حلف لیتی ہے، وہی پولیس اتر پردیش میں عوام پر من مانی کرتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہے۔ تازہ معاملہ کانپور کا ہے، جہاں ایک تاجر کی پولیس حراست میں موت ہو گئی۔ جس کے بعد ہنگامہ آرائی ہو رہی ہے۔

اس معاملے میں پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے سے متعلق ایس او جی انچارج پرشانت گوتم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اتر پردیش کے انسانی حقوق کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور اب تک 11 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی محکمہ پولیس نے مفرور پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے 6 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔


خیال رہے کہ 12 دسمبر کو شیولی پولیس نے بلونت سنگھ نامی شخص کو ڈکیتی کے شبہ میں گرفتار کیا اور اسے تھانے لے گئی۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولس نے گرفتار کیے گئے بلونت کو حراست میں مارا پیٹا، جس کے بعد اس کی موت ہو گئی۔ ہلاکت کے بعد مشتعل اہل خانہ نے انتظامیہ کے خلاف محاذ کھول دیا۔ اعلیٰ حکام نے سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور لاش کی آخری رسومات ادا کرا دی گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔