اتر پردیش میں جلد نافذ ہو سکتا ہے رات کا کرفیو!

کورونا انفیکشن کے معاملے اتر پردیش میں بھی بڑھنے لگے ہیں جس کی وجہ سے حکومت جلد ہی رات کا کرفیو لگانے پر غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے سبھی ضلع مجسٹریٹس کو حالات کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں لگاتار اضافہ کے بعد ریاستی حکومت نے سبھی اضلاع میں رات کا کرفیو لگانے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اتر پردیش کے چیف سکریٹری آر کے تیواری نے سبھی ضلع مجسٹریٹ کو حالات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ حالات کا جائزہ لے کر ضلع میں رات کا کرفیو لگا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ (سوشل ڈسٹنسنگ) پر عمل کرانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

دراصل اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے مدنظر وزیر اعلیٰ دفتر نے چیف سکریٹری راجندر تیواری کو نیا ایکشن پلان بنانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے بعد ہی چیف سکریٹری نے سبھی ضلع مجسٹریٹس کو رات کے کرفیو کے متبادل پر غور کرنے کو کہا ہے۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ سبھی ضلع مسجٹریٹ اپنی سطح سے ضلعوں میں کورونا انفیکشن کی حالت کا گہرائی سے جائزہ لیں اور ضرورت ہو تو رات کا کرفیو لگا دیں۔


غور طلب ہے کہ کورونا انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر لکھنؤ ہے جہاں 3704 معاملے ہیں۔ اس کے بعد میرٹھ میں 2381، غازی آباد میں 1443، نوئیڈا میں 1193، کانپور میں 1167، وارانسی میں 1059 اور پریاگ راج میں 810 ایکٹیو کیس ہیں۔ ان سبھی اضلاع میں گزشتہ ایک مہینے کے دوران کورونا مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے۔ اتر پردیش میں اب تک کورونا کے 5.41 لاکھ مریض سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے 5.09 لاکھ مریض ٹھیک بھی ہو چکے ہیں۔ وہیں کورونا وائرس سے ریاست میں اب تک 7742 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔