یوپی: بجنور کے 102 گاؤں میں ’آؤٹ ڈور جم‘ کی سہولت دستیاب ہوگی
اتر پردیش کے بجنور ضلع میں کم از کم 5000 کی آبادی والے گاؤں کے لوگوں کو اب ’آؤٹ ڈور جم‘ کی سہولت حاصل ہوگی۔ انتظامیہ نے ضلع کے ایسے 102 گاؤں کی شناخت کی ہے
بجنور: اتر پردیش کے بجنور ضلع میں کم از کم 5000 کی آبادی والے گاؤں کے لوگوں کو اب ’آؤٹ ڈور جم‘ کی سہولت حاصل ہوگی۔ انتظامیہ نے ضلع کے ایسے 102 گاؤں کی شناخت کی ہے۔
تفصیلات دیتے ہوئے بجنور ضلع پنچایت راج افسر (ڈی پی آر او) ستیش کمار نے کہا، "اس کے لیے ایک تجویز تیار کرنے کے بعد متعلقہ گاؤں میں زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسکول کے میدان میں جم چلایا جا سکتا ہے۔ ہم کم از کم 4 لاکھ روپے خرچ کریں گے، ورزش کرنے کے لیے یہاں جدید مشینیں لگائی جائیں گی۔"
رپورٹ کے مطابق ہر جم کا خرچ متعلقہ گرام پنچایتوں کی جانب سے برداشت کیا جائے گا۔ اہلکار کے مطابق تقریباً 500 مربع گز کے ہر جم میں سامان کو ذخیرہ کرنے کے لیے ایک اسٹور روم بھی ہوگا۔ ان جموں کے لیے ٹرینرز بھی مقرر کیے جائیں گے۔
ان جِموں کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور عام لوگوں کو دیہی علاقوں میں اچھی صحت اور صحت مند طرز زندگی پر توجہ مرکوز کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ڈی پی آر او نے کہا کہ جم کا منصوبہ دو سال قبل بنایا گیا تھا لیکن کورونا وبائی امراض کی وجہ سے اسے روک دیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔