یوپی جوڑو یاترا: ’جہاں بھی نفرت کا بازار ہوگا، کانگریس پارٹی وہاں محبت کی دکان کھولے گی‘

آج اتر پردیش کے سہارنپور سے محبت اور بھائی چارے کا پیغام لیے کانگریس کی ’یوپی جوڑو یاترا‘ شروع ہوئی، اس یاترا میں خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگوں کی بھی بڑی تعداد یکھنے کو ملی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>

تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

’بھارت جوڑو یاترا‘ کے ذریعہ پورے ملک میں محبت اور بھائی چارہ کا پیغام عام کرنے کے بعد کانگریس نے اب اتر پردیش میں ’یوپی جوڑو یاترا‘ کے ذریعہ ہندوستان کی اس سب سے بڑی ریاست میں گنگا-جمنی تہذیب کو فروغ دینے کی شروعات کر چکی ہے۔ آج سہارنپور سے محبت اور بھائی چارہ کا پیغام لیے ’یوپی جوڑو یاترا‘ شروع ہوئی جس میں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ یاترا میں یوپی کانگریس صدر اجئے رائے سمیت یوپی کانگریس کے سرکردہ لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔

اس ’یوپی جوڑو یاترا‘ کی شروعات کے ساتھ ہی کانگریس نے ملک بھر میں پھیلے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ملک میں جہاں بھی نفرت کا بازار ہوگا، کانگریس پارٹی وہاں محبت کی دکان کھولے گی۔ یہ سلسلہ جاری ہے اور اب اتر پردیش میں بھی ہم نفرت کے خلاف سڑکوں پر آواز بلند کر رہے ہیں۔‘‘ ایک دیگر پوسٹ میں ملک دشمن طاقتوں سے جنگ لڑنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے ’’ہر دھند کو چیر کر آگے بڑھیں گے/ مقصد طے ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے‘‘۔ ساتھ ہی لکھا گیا ہے ’’جمہوریت کو کمزور کرنے والی طاقتوں کے خلاف ہماری لڑائی جاری ہے۔ ہم لڑیں گے اور جیتیں گے۔‘‘


اتر پردیش کانگریس کے ایکس ہینڈل سے بھی ’یوپی جوڑو یاترا‘ کو لے کر کئی پوسٹ کیے گئے ہیں جو پارٹی کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایک پوسٹ میں شاعرانہ انداز میں لکھا گیا ہے ’’مشعلیں جو ہم تم جلائے ہوئے ہیں/ اندھیرے بہت تلملائے ہوئے ہیں/ انھیں کھَل رہی ہے یہ ہمت ہماری/ کہ کیوں لوگ پرچم اٹھائے ہوئے ہیں۔‘‘ اس یاترا کے عزائم کو ظاہر کرتا ہوا ایک پوسٹ اس طرح ہے ’’ایک سفر... جو ہر خوف کے آگے ہمت سے ٹکنا سکھاتا ہے۔ جو بتاتا ہے کہ خوف سے آنکھیں ملا کر ڈر سے کیسے جیتا جاتا ہے۔ ایک سفر... جس میں ڈر نہیں، ہمت ہے۔‘‘ ایک دیگر پوسٹ میں عوام سے ’یوپی جوڑو یاترا‘ کا حصہ بننے کی گزارش کی گئی ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے ’’ایک سفر... جو ہر نوجوانوں کے ہاتھوں کو کام دلانے کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ جن کے مسافروں کو فکر ہے کہ نوجواں ملک کو بے روزگاری کے دلدل سے کیسے بچایا جائے؟ جو لڑ رہے ہیں... نوجوانوں کے بڑھنے کے لیے۔ اس لیے، جڑیے، نوجوانوں کے سوالوں کی آواز بلند کرنے کے لیے اس تاریخی مہم سے۔‘‘

یوپی کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل پر ’یوپی جوڑو یاترا‘ کے دوسرے دن کے راستوں کی جانکاری بھی دی ہے۔ اس پوسٹ کے مطابق یاترا سہارنپور کے اصغریہ مدرسہ سے گوپالی تک چلے گی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’آج یاترا شاکمبھری دیوی کے مندر سے شروع ہوئی تھی اور کل اصغریہ مدرسہ سے شروع ہو گی، کیونکہ ہم ’سَرو دھرم سمبھاؤ‘ میں یقین رکھتے ہیں۔ ہم صرف کہتے نہیں، مانتے بھی ہیں کہ ہندو-مسلم-سکھ-عیسائی... آپس میں سب بھائی بھائی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔