یوپی: مختار انصاری کے ایم ایل اے بیٹے عباس انصاری کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد

اسلحہ لائسنس کی مبینہ غلط طریقہ سے منتقلی کے معاملے میں مختار انصاری کے ایم ایل اے بیٹے عباس انصاری کی ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کر دی گئی

عباس انصاری/  ویڈیو گریب
عباس انصاری/ ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: یوپی کے شہ زور لیڈر مختار انصاری کے ایم ایل اے بیٹے عباس انصاری کی ضمانت قبل از گرفتاری (عبوری ضمانت) کی درخواست ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی سیشن عدالت نے جمعرات کے روز مسترد کر دی۔ مختار کے بیٹے عباس انصاری پر الزام ہے کہ انہوں نے بغیر اطلاع دئے سال 2012 میں لکھنؤ سے جاری ہونے والے اسلحہ لائسنس کو دہلی کے پتے پر منتقل کرا لیا۔

رپورٹ کے مطابق خصوصی جج ہربنس نارائن نے اپنے حکم میں کہا کہ ملزم عباس انصاری کے خلاف پہلے سے ہی فوجداری مقدمات درج ہیں اور اسلحہ لائسنس کیس میں وارنٹ گرفتاری بھی 14 جولائی کو جاری کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے درخواست قبول نہیں کی جا سکتی ہے اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔


خیال رہے کہ 12 اکتوبر 2019 کو لکھنؤ کے مہانگر پولیس اسٹیشن میں عباس انصاری کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور تفتیش کے دوران ان کے پاس سے ریوالور، میگزین اور کارتوس برآمد ہوئے تھے۔ جس کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے آرمز ایکٹ کی دفعہ 467، 468، 471، 420 اور دفعہ 30 کے تحت چارج شیٹ داخل کی تھی۔

غلط طریقہ سے اسلحہ کی منتقلی کے اس معاملے میں لکھنؤ کی ایک عدالت نے عباس انصاری کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔ اس کے بعد لکھنؤ سے کئی ٹیمیں بنا کر پولیس عباس انصاری کی گرفتاری کے لیے ریاست کے کئی اضلاع میں چھاپے مار رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔