یوپی: بچہ اسکول نہیں آیا تو ٹیچر پہنچ جائیں گے گھر، طلبا کی حاضری بڑھانے پر زور
محکمہ تعلیم ریاست کے اسکولوں میں طلباء کی حاضری بڑھانے پر زور دے رہا ہے۔ اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان طلباء کے والدین سے پوچھ گچھ کریں جو 6 دن تک اسکول نہیں آتے
لکھنؤ: اتر پردیش میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور اساتذہ کی اسکولوں میں حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے آن لائن حاضری کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی اسکول میں طلبا کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بیسک ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے پرائمری شعبہ میں کام کرنے والے اساتذہ کو آن لائن میڈیم کے ذریعے روزانہ اپنی حاضری لگانے کے لیے رہنما خطوط جاری کیے تھے۔ اب کونسل کے اسکولوں میں روزانہ اوسطاً 60 فیصد طلبہ کی حاضری پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایسے میں محکمہ نے کونسل اسکولوں میں طلبہ کی حاضری بڑھانے پر توجہ دی ہے اور اس سمت میں قدم اٹھایا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اب ان طلباء کی اسکولوں میں فہرست تیار کی جائے گی جو اکثر کسی نہ کسی وجہ سے اسکول نہیں آتے۔ جس کے بعد اگر طلبہ مسلسل تین دن تک اسکول نہیں آتے تو اساتذہ کو طلبہ کے والدین کو فون کر کے اس بارے میں آگاہ کرنا ہوگا۔ وہیں، اگر کوئی طالب علم لگاتار 6 دن تک اسکول نہیں آتا تو استاد کو اس طالب علم کے گھر جا کر والدین سے پوچھ گچھ کرنی ہوگی۔
اس کے ساتھ یہ کہا جا رہا ہے کہ اگر کوئی طالب علم اپنے چھوٹے بھائی یا بہن کی دیکھ بھال کی وجہ سے اسکول نہیں جا پا رہا ہے تو اس کے بھائی یا بہن کو آنگن واڑی مراکز میں داخل کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کوئی طالب علم کھیتی باڑی اور گھریلو کاموں کی وجہ سے اسکول نہیں جا رہا ہے تو اس صورت حال میں اساتذہ ان طلباء کے والدین کو تعلیم کی اہمیت سمجھائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل آف اسکول ایجوکیشن وجے کرن آنند نے بنیادی تعلیم کے افسران کو اسکولوں میں طلباء کی حاضری بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ریاست میں کل 1.91 کروڑ طلباء میں سے صرف 60 فیصد ہی تعلیم حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے حاضری 10 فیصد بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ دوسری جانب اسکولوں میں طلباء کی حاضری بڑھانے والے اسکول پرنسپل کو بلاک اور ضلعی سطح پر ہر ماہ ہونے والی میٹنگ میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔