یوپی میں گرمی سے ہاہاکار! درجہ حرارت 44 ڈگری سے متجاوز، 20 اضلاع میں لو چلنے کا امکان
راجدھانی لکھنؤ میں درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ الہ آباد اور ہمیر پور میں پارہ 44.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے 20 اضلاع میں لو چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے
لکھنؤ: اتر پردیش میں چلچلاتی گرمی اور تیز دھوپ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ اپریل کے مہینے میں ہی گرمی ساتویں آسمان پر پہنچ گئی ہے۔ ریاست کے کچھ حصوں میں تو پارہ 44 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔ راجدھانی لکھنؤ میں پارہ 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ الہ آباد (پریاگ راج) اور ہمیر پور میں سب سے زیادہ 44.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں ریاست کے 20 اضلاع میں لو چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتر پردیش کے 20 اضلاع میں گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کی طرف سے رائے بریلی، امیٹھی، پرتاپ گڑھ، سلطان پور، باندہ، چترکوٹ، کوشامبی، الہ آباد، سلطان پور، فتح پور، سنت کبیر نگر، جون پور، اعظم گڑھ، غازی پور، چندولی، مرزا پور، مؤ، بلیا، وارانسی اور سون بھدر میں لو چلنے کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بدن کو جھلسا دینے والی گرمی کے درمیان ریاست کے کچھ اضلاع میں گرمی سے راحت بھی مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے یوپی کے 21 اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق پاکستان اور افغانستان سے چلنے والا ایک ویسٹرن ڈسٹربنس اتر پردیش کے مغربی علاقوں میں سرگرم ہو رہا ہے۔ لہذا تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارش کی وجہ سے ریاست میں درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری کی کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو شاہجہاں پور، شاملی، باغپت، میرٹھ، امروہہ، مراد آباد، غازی آباد، ہاپوڑ، گوتم بدھ نگر، سنبھل، رام پور، بریلی، مظفر نگر، بجنور، بدایوں، پیلی بھیت، علی گڑھ، ہاتھرس اور آگرہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کی جانب سے تیز آندھی اور بارش سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔