بدنام زمانہ وکاس دوبے کے خلاف یوپی حکومت کی کارروائی، بنگلے پر چلایا گیا بلڈوزر

حکومت نے وکاس دوبے کے مکان کو آج مسمار کر دیا۔ مکان کو گرانے کے لئے انفورسمنٹ اسکواڈ جے سی بی مشین کے ساتھ کانپور کے بیکرو گاؤں پہنچی۔ اس دوران بھاری تعداد میں پولیس فورس بھی موجود رہی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: بدنام زمانہ مجرم اور کانپور میں پولیس اہلکاروں کا قتل کرنے والے وکاس دوبے کے خلاف اتر پردیش حکومت نے سخت کارروائی کی ہے۔ حکومت نے ہفتہ کے روز جے سی بی مشین سے وکاس دوبے کا مکان مسمار کر دیا۔ مکان کو گرانے کے لئے انفورسمنٹ اسکواڈ جے سی بی مشین کے ساتھ کانپور کے بیکرو گاؤں پہنچی۔ اس دوران بھاری تعداد میں پولیس فورس بھی موجود رہی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بدنام زمانہ وکاس دوبے کا گھر غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ وکاس تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے اور اس کی تلاش میں پولیس کی کئی ٹیمیں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کی دیر رات گئے وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں نے ریڈ ڈالنے گئے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی، جس میں آٹھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ حملہ کے بعد بدمعاش پولیس کی اے کے 47 رائفل، گلاک پسٹل اور 99. ایم ایم پسٹل لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ اس واقعہ میں ایک سی او سمیت 8 پولیس اہلکاروں نے اپنی جان گنوا دی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ جمعرات کی رات اس واقعہ کے بعد جمعہ کی صبح پولیس کے ساتھ دوبارہ ہونے والی مڈبھیڑ میں دو ملزمان مارے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک کے قبضہ سے پولیس سے لوٹا گیا ہتھیار برآمد کر لیا گیا ہے۔


پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق بدنام زمانہ مجرم وکاس کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس کی 25 سے زیادہ ٹیمیں اتر پریش اور دیگر ریاستوں میں لگاتار چھاپہ ماری کر رہی ہیں، لیکن واقعہ کے تقریباً 36 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی وہ پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کچھ پولیس اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ دوبے کو اس کے گھر پر پولیس کی چھاپہ ماری کے بارے میں پہلے سے کیسے خبر ہوئی، جس سے اس نے پوری تیاری کے ساتھ پولیس ٹیم پر حملہ کیا۔

کانپور کے پولیس انسپکٹر جنرل (آئی جی) موہت اگروال نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں کو پکڑنے کے لئے پولیس کی 25 ٹیمیں مامور کی گئی ہیں جو ریاست کے مختلف اضلاع کے علاوہ کچھ دوسرے صوبوں میں بھی چھاپہ ماری کر رہی ہیں۔‘‘ تاہم، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں کن کن اضلاع میں اور کن ریاستوں میں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jul 2020, 5:40 PM