یوپی انتخابات: ایودھیا میں ایس پی امیدوار ابھے سنگھ گرفتار، بی جے پی حامیوں سے ہوئی تھی جھڑپ
مہاراج گنج تھانہ علاقے کے کبیر پور چوراہے پر دونوں فریقوں کے حامیوں کی گاڑیاں آمنے سامنے آنے کے بعد یہ تنازعہ شروع ہوا تھا، دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ کا عائد کیا تھا
ایودھیا: اتر پردیش کے ایودھیا ضلع کی گوسائی گنج اسمبلی سیٹ سے (سماجوادی پارٹی) ایس پی امیدوار ابھے سنگھ اور بی جے پی امیدوار آرتی تیواری کے حامیوں میں شدید جھڑپ ہوئی۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے ایس پی امیدوار ابھے سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق انہیں صبح 4 بجے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
مہاراج گنج تھانہ علاقے کے کبیر پور چوراہے پر دونوں فریقوں کے حامیوں کی گاڑیاں آمنے سامنے آنے کے بعد یہ تنازعہ شروع ہوا تھا۔ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔ اس معاملے میں ایس پی امیدوار ابھے سنگھ کو گرفتار کرکے پولس لائن لایا گیا ہے۔ دوسری طرف ایس پی امیدوار کا الزام ہے کہ بی جے پی امیدوار آرتی تیواری کے حامیوں نے حملہ کیا تھا۔
گرفتاری کے وقت ابھے سنگھ نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے، اسی لیے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ اب میں تو جیل جا رہا ہوں، اب الیکشن آپ کے ہاتھ میں ہے۔
غورطلب ہے کہ بی جے پی امیدوار آرتی تیواری کے شوہر اور سابق بی جے پی ایم ایل اے اندر پرتاپ تیواری عرف کھبو تیواری پہلے ہی بدعنوانی کے ایک معاملے میں ایودھیا جیل میں قید ہیں۔ لہذا ایودھیا ضلع جیل میں تصادم سے بچنے کے لیے پولس انتظامیہ ابھے سنگھ کو دوسرے ضلع کی جیل بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ایک طرف جہاں ایس پی امیدوار ابھے سنگھ کا الزام ہے کہ بی جے پی کے حامیوں نے ان کے قافلے پر پتھراؤ اور فائرنگ کی۔ وہیں دوسری جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی امیدوار آرتی تیواری کے لیے مہم چلا رہے وکاس سنگھ کے قافلے پر پر فائرنگ کی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔