یوپی اسمبلی انتخاب: آر ایل ڈی نے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کی
آر ایل ڈی نے پیر کے روز اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے لیے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کر دی ہے، اس کے مطابق چھپرولی سے ویرپال راٹھی کو اور بڑوت سے جے ویر سنگھ تومر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) نے پیر کے روز اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے لیے اپنی تیسری فہرست میں دو مزید امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ چھپرولی سے ویرپال راٹھی اور بڑوت سے جے ویر سنگھ تومر کو آر ایل ڈی نے اسمبلی امیدوار کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ پارٹی چیف جینت سنگھ چودھری نے پیر کو ان دونوں امیدواروں کا اعلان کر کے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ چھپرولی اور بڑوت حلقہ کے کارکنان مل کر انتخابی مہم میں اپنا بھرپور تعاون دیں گے۔
اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں سماجوادی پارٹی اور آر ایل ڈی نے اتحاد قائم کیا ہے اور انتخابی میدان میں ساتھ مل کر اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے آر ایل ڈی اور سماجوادی پارٹی نے 94 امیدواروں کا اعلان 13 جنوری کو کیا تھا جس میں سماجوادی پارٹی کی طرف سے آر ایل ڈی کو لڑنے کے لیے مجموعی طور پر 26 سیٹیں دی گئی تھیں۔ دوسری فہرست میں آر ایل ڈی کے 7 امیدواروں کا اعلان کیا تھا اور پہلے مرحلہ کی سیٹوں کے دوران آر ایل ڈی کو 19 سیٹیں دی گئی تھیں جس کے بعد پیر کو پارٹی نے دو مزید امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔
غور طلب ہے کہ یوپی اسمبلی انتخاب میں سماجودای پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے درمیان اتحاد میں آر ایل ڈی کو مجموعی طور پر 28 سیٹیں ملی ہیں۔ مغربی اتر پردیش میں جہاں آر ایل ڈی کی بالادستی زیادہ ہے، ان سیٹوں میں پہلی اور دوسری فہرست میں ہی آر ایل ڈی کے امیدواروں کا اعلان زیادہ تعداد میں کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل آر ایل ڈی کی جانب سے جن سات امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا تھا ان میں تھانہ بھون سے اشرف علی، بڈھانا سے راجپال بالیان، میراپور سے چندن چوہان، مراد نگر سے سریندر کمار منّی، شکارپور سے کرن پال سنگھ، برولی سے پرمود گوڑ اور اگلاس سے بیرپال سنگھ دیواکر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
امیدواروں کے اعلان سے پہلے ہی ایسی قیاس آرائیاں تھیں کہ سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد میں آر ایل ڈی کو 36 سیٹیں تک مل سکتی ہیں۔ لیکن اب شاید جینت چودھری کی پارٹی کو 28 سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔ حالانکہ آر ایل ڈی نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کر بڑا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ راشٹریہ لوک دل-سماجوادی پارٹی کا اتحاد اتر پردیش میں تبدیلی لائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ بی بی سی کی فنڈنگ میں کرے گا کٹوتی
پارٹی کی پہلی فہرست کی بات کریں تو شاملی سے پرسن چودھری، پرکاجی سے انل کمار، کھتولی سے راجپال سنگھ سینی، نہٹور سے منشی رام، باغپت سے احمد حمید، لونی سے مدن بھیا، مودی نگر سے سریش شرما، سیانا سے دلنواز خان، کھیر سے بھگوت پرساد سوریہ ونشی، آگرہ دیہات سے مہیش کمار جاٹو، فتح پور سیکری سے برجیش چاہر، کھیرا گڑھ سے روتان سنگھ، ہاپوڑ سے گجراج سنگھ، جیور سے اوتار سنگھ بھڈانا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔