یوپی انتخابات: بندروں نے 50 کیمرے توڑے، تو ای وی ایم کی حفاظت کی گئی لنگوروں کے حوالہ!

اتر پردیش کے پیلی بھیت میں 23 فروری کو پولنگ ہونے جا رہی ہے اور ای وی ایم کو بندروں سے محفوظ رکھنا مشکل ہو رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ انتخابی اہلکاروں نے لنگوروں کو بھی حفاظت پر مامور کیا ہے

تصویر بشکریہ آج تک
تصویر بشکریہ آج تک
user

قومی آواز بیورو

پیلی بھیت: اتر پردیش کے پیلی بھیت میں الیکشن کمیشن کے عہدیداران بندروں کی دہشت سے پریشان ہیں اور الیکشن کمیشن کو اب بندروں کے خلاف لنگوروں کو میدان میں اتارنا پڑ رہا ہے۔ دراصل، پیلی بھیت میں 23 فروری کو پولنگ ہونے جا رہی ہے اور پولنگ میں استعمال ہونے والی ای وی ایم اور دیگر آلات کود منڈی میں رکھا گیا ہے، جہاں بندروں کا بولبالا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹنگ مشینوں اور دیگر آلات کی نگرانی کے لیے 50 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے لیکن بندروں نے انہیں توڑ ڈالا۔ بندروں سے نجات کے لیے پولیس اور فارسٹ ورکرز کا سہارا لیا گیا۔ جگہ جگہ پنجرے بھی رکھے لیکن بندروں نے پنجرے بھی توڑ ڈالے! اب بندروں کے خلاف لنگوروں کو حفاظت پر مامور کیا گیا ہے۔


’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق پیلی بھیت میں الیکشن کمیشن کے اہلکار پولکیت کھرے نے کہا کہ لنگوروں کو منڈی میں لایا گیا ہے تاکہ وہاں رکھے گئے تمام آلات کو محفوظ رکھا جا سکے۔ وہیں، ڈپٹی ریجنل فاریسٹ آفیسر شیر سنگھ نے اس حوالے سے بتایا کہ یہاں ایک اسٹرانگ روم بنایا گیا ہے اور اس کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو بندروں نے توڑ دئے تھے اب ان کی حفاظت کے لیے محکمہ جنگلات کی ٹیم اور لنگوروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پیلی بھیت ضلع میں چار اسمبلی سیٹیں ہیں اور چاروں پر ہی 2017 کے انتخابات میں بی جے پی نے جیت حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ بی جے پی کو سخت چیلنج کا سامنا ہے اور سماجوادی پارٹی اسے ٹکر دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔