یوپی اسمبلی انتخابات: بی جے پی ممبر اسمبلی کی نفرت انگیز تقریر، الیکشن کمیشن نے عائد کی 24 گھنٹے کی پابندی

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے اور سماج میں نفرت پھیلانے پر بی جے پی ایم ایل اے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے متنازعہ ایم ایل اے راگھویندر سنگھ کی انتخابی مہم پر 24 گھنٹے کی پابندی عائد کر دی ہے، جو یوپی کی ڈومریا گنج اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ راگھویندر سنگھ نے ایک متنازع تقریر کی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ جو ہندو انہیں ووٹ نہیں دے گا اس کی رگوں میں مسلمانوں کا خون ہے۔ یہ تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سماج میں نفرت پھیلانے پر بی جے پی ایم ایل اے پر پابندی لگانے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا۔

ریٹرننگ افسر دیپک مینا نے کہا کہ پابندی پیر کی صبح 6 بجے سے نافذ ہوگی اور منگل کی صبح 6 بجے ختم ہوگی۔ اس دوران راگھویندر سنگھ کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی جے پی ایم ایل اے نے اپنے فیس بک پوسٹ پر لکھا کہ پابندی ان کے مخالفین کی سازش ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ڈومریا گنج کے عوام 3 مارچ کو ووٹ دے کر اپوزیشن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ راگھویندر سنگھ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے قائم کردہ تنظیم ہندو واہنی کے انچارج بھی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔