’یوپی کے انتخابی نتائج عوام کا فیصلہ نہیں، اکھلیش کو جبراً ہرایا گیا!‘

وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ انتخابی نتائج لوگوں کے فیصلے کو ظاہر نہیں کرتے کیونکہ اکھلیش یادو نے انتخابات میں استعمال کی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کا مطالبہ کیا تھا

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

کولکاتا: اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی آسان جیت کے ایک دن بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز کہا کہ انتخابی نتائج عوام کے فیصلے کی عکاسی نہیں کرتے اور بی جے پی نے دھاندلی کی ہے۔ انہوں سوال کیا کہ جب اکھلیش یادو نے انتخابات میں استعمال کی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کی فرانزک جانچ کا مطالبہ کیا تھا تو جانچ کیوں نہیں کرائی گئی؟

اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بنرجی نے کہا، "یہ عوام کا فیصلہ نہیں ہے۔ بی جے پی نے ووٹوں میں ہیرا پھیری کی اور چار ریاستوں (اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور) میں کامیابی حاصل کی۔ اتر پردیش میں ای وی ایم لوٹنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ بنارس کے ضلع مجسٹریٹ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ یہ مجھے اخبارات سے معلوم ہوا ہے۔ اس کے بعد ای وی ایم کی فرانزک جانچ کیوں نہیں کرائی گئی؟"


اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کے حق میں مہم چلانے والی ممتا بنرجی نے کہا، "اکھلیش یادو کو ہار ماننے پر مجبور کیا گیا ہے لیکن یہ عوام کا فیصلہ نہیں ہے۔ یہ میکینیکل ہیرا پھیری کا فیصلہ ہے۔"

اس موقع پر ممتا بنرجی نے اکھلیش یادو کو تسلی دیتے ہوئے مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا، "ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے صرف چند ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ ایسا برتاؤ کر رہے ہیں جیسے انہوں نے لوک سبھا انتخابات جیت لیے ہوں۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ 2024 کے انتخابات اتنے آسان نہیں رہیں گے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔