یو پی: پولیس سپرنٹنڈنٹ کو تھپڑ مارنے والے بی جے پی لیڈر کے خلاف مقدمہ
اینٹ پتھر پھینکنے و فائرنگ کرنے والے شرپسند عناصر کو ایس پی سٹی پرشانت کمار نے روکنے کی کوشش کی تو گالم گلوج اور ہاتھا پائی کرتے ہوئے انہیں نیچے گرادیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
اٹاوہ: اترپردیش کے ضلع اٹاوہ کے بڈپورا علاقے میں بلاک پرمکھ انتخاب کے دوران سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو تھپڑ مارنے والے بی جے پی لیڈر ومل بھدوریہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر برجیش کمار سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ ایس پی شہر پرشانت کمار پر قاتلانہ حملہ کرکے گولہ باری اور ہنگامہ کرنے والے بی جے پی لیڈر ومل بھدوریہ سمیت تقریبا سوار سو لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بڈپورا تھانہ انچارج جتیندر کمار شرما نے مقدمہ درج کرایا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ بھدوریہ سمیت تقریبا 100۔125افراد کے خلاف دفعات 147،148،149،323،353،307،269،270،188،51،57،3اور سی سی اے ایل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ملزمین کے خلاف ثبوت کے طور پر بڑے پیمانے پر ثبوت یکجا کئے گئے ہیں جن کا پولیس افسر جائزہ لینے میں مشغول ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ بلاک پرمکھ الیکشن کے دوران ادی چوراہے پر واقع بیرئیر ڈیوٹی پر دوپہر تقریبا ایک بجے بی جے پی لیڈر ومل بھدوریا کی قیادت میں تقریبا سو-سوا سو لوگ آئے اور بیریکیٹنگ توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے بلاک احاطے کی جانب آنے کی کوشش کی۔ پولیس کو روکنے پر مشتعل بی جے پی کارکنوں نے جارح ہوکر پتھراؤ شروع کردیا۔ مشتعل بی جےپی کارکنوں نے فائرنگ بھی کی۔
اینٹ پتھر پھینکنے و فائرنگ کرنے والے شرپسند عناصر کو ایس پی سٹی پرشانت کمار نے روکنے کی کوشش کی تو گالم گلوج اور ہاتھا پائی کرتے ہوئے انہیں نیچے گرادیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ سینئر سب انسپکٹر راجیش کمار نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو ان لوگوں نے ان کے ساتھ بھی گالم گلوج اور مارپیٹ کی کوشش کی جس سے وہاں بھگدڑ مچ گئی انہوں نے بتایا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں پولیس نے 7خالی کھوکے بھی برآمد کئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔