یوپی ضمنی انتخابات: سماج وادی پارٹی کے 40 اسٹار تشہیرکاروں کی فہرست جاری، اکھلیش، اعظم اور جیا بچن شامل

سماج وادی پارٹی نے یوپی کی 9 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے 40 اسٹار کیمپینروں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں اکھلیش یادو، جیا بچن اور اعظم خان کے نام شامل ہیں

اکھلیش یادو اور اعظم خان / Getty Images
اکھلیش یادو اور اعظم خان / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

لکھنو: سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اتر پردیش کی 9 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے اسٹار کیمپینروں (تشہیرکاروں) کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، معروف اداکارہ جیا بچن اور سینئر رہنما اعظم خان سمیت 40 اہم سیاسی شخصیات کے نام شامل ہیں۔

سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے اسٹار تشہیرکاروں کی یہ فہرست جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میرانپور، کندرکی، غازی آباد، کھیر، کرہل، سیسامؤ، پھولپور، کٹہری اور منجھوا سیٹوں پر منعقد ہوں گے۔ سماج وادی پارٹی کی طرف سے ان سیٹوں پر پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی مہم کے لیے 40 ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس فہرست میں شامل کچھ اہم نام اکھلیش یادو، رام گوپال یادو، محمد اعظم خان، ڈمپل یادو، جیا بچن، اور شیو پال سنگھ یادو ہیں۔ اس کے علاوہ، دیگر نمایاں شخصیات میں رام جی لال سمن، شریام لال پال، ببو سنگھ کشواہا، ہرندر ملک، لالجی ورما، اور نریش اطم پتیل شامل ہیں۔


فہرست میں شاہد منظور، رام گووند چودھری، لال بہاری یادو، جاوید علی خان، راجارام پال، محبوب علی، ضیاءالرحمان برق، دیویش شاکیہ، رام آسرے وشوکرما، ریمیش پراجاپتی، کرن پال کشیپ اور کئی دیگر رہنما بھی ہیں۔

یہاں یہ بھی یاد رہے کہ سماج وادی پارٹی نے تمام 9 سیٹوں پر امیدواروں کے نام پہلے ہی اعلان کر دیے تھے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پیغام جاری کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ انڈیا بلاک متحد ہے اور سماج وادی پارٹی کے نشان پر ہی اتحاد کے تمام امیدوار انتخابی میدان میں اتریں گے۔

اکھلیش نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، "کانگریس اور سماج وادی پارٹی ایک بڑی فتح کے لیے منتحد ہیں۔ 'انڈیا' اس ضمنی انتخاب میں ایک نئی کامیابی کا باب رقم کرنے جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے لے کر بوتھ سطح کے کارکنان تک کی شمولیت سے سماج وادی پارٹی کی طاقت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب ملک کے آئین، باہمی محبت اور پی ڈی اے کی عزت و احترام کی حفاظت کے لیے ہے، جس میں سماج وادی پارٹی کا ہر ایک کارکن کامیابی کے عزم کے ساتھ نئے جذبے سے میدان میں اترا ہے۔