سرکاری ملازمین کام نہ کریں تو جوتا مارو! بی جے پی رکن اسمبلی کا فرمان
للت پور صدر سے بی جے پی کے رکن اسمبلی رام رتن کشواہا نے کہا کہ ریاست کے ملازمین اگر مہینے دو مہینے میں ٹھیک نہیں ہوتے تو جوتا اتاریئے اور ماریئے!
اتر پردیش کے للت پور میں بی جے پی رکن اسمبلی رام رتن کشواہا کا سرکاری ملازمین کے حوالہ سے متنازعہ بیان منظر عام پر آیا ہے۔ منگل کے روز 4 جون کو پارٹی کارکنان کے اجلاس کے دوران کشواہا نے کہا کہ اگر صوبے کے سرکاری ملازمین مہینے بھر میں ٹھیک نہیں ہوتے تو جوتا اتار کر ان کو ماریئے۔
علاوہ ازیں کشواہا نے کہا کہ سماجوادی اور بی ایس پی کی ذہنیت والے افسران اور ملازمین نے لوک سبھا انتخابات میں بھی بی جے پی کارکنان کو دھمکایا اور انہیں ایس پی-بی ایس پی کی رکینت دلوائی۔ حالانکہ بی جے پی کے رکن اسمبلی کے اس بیان کے بعد ضلع انچارج رام کشور ساہو نے اعتراض درج کرایا ہے۔ ساتھ ہی ضلع صدر جگدیش سنگھ لودھی نے بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
دراصل، للت پور صدر سے بی جے پی کے رکن اسمبلی رام رتن کشواہا منگل کے روز رکن پارلیمان انوراگ شرما کی جیت کے بعد مہرونی میں منعقدہ بی جے پی کارکنان کے استقبالیہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے منچ سے کارکنان سے بولتے ہوئے کہا، ’’صوبہ کے جو سرکاری ملازمین ہیں اگر وہ مہینے دو مہینے میں ٹھیک نہیں ہوتے اور ہمارے کارکنان کی عزت نہیں کرتے تو میں کہتا ہوں کہ اپنا جوتا اتاریئے اور ماریئے، کیوںکہ ایک حد ہوتی ہے برداشت کرنے کی۔ یہ ایس پی، بی ایس پی کی ذہنیت والے جو ملازمین ہیں انہوں نے انتخابات کے وقت بھی بدتمیزیاں کی تھیں اور ہمارے کارکنان کو دھمکایا تھا۔ مجھے ریوینیو اور پولس اہلکاروں کے بارے میں خبریں ملی ہیں، وہ خبردار ہو جائیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔