جرائم کا انکشاف کرنے والوں پر کسا جا رہا ہے شکنجہ: اکھلیش

بی جے پی لیڈر بذات خود متعدد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور بی جے پی حکومت ان کو بچانے میں ہی ساری طاقت صرف کررہی ہے۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سماج وادی پارٹی(ایس پی)کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت میں جرائم پیشہ افراد کو اقتدار کا تحفظ حاصل ہے اور جرائم کا انکشاف کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر نے کا عجیب و غیر ب کھیل چل رہا ہے۔

مسٹر یادو نے کل ایک بیان میں کہا کہ نظم ونسق کا یہ نیا رنگ ڈھنگ ریاست کی خواتین کو مایوسی میں دھکیل رہا ہے اوران کو خودکشی کرنے کےلئے مجبور کررہا ہے۔ پسماندہ طبقات، دلت اور خواتین عدم تحفظ کے احساس میں گھروں سے نکلنے سے خائف ہیں۔بی جے پی کے دور اقتدار میں خاتون ہونا سب سے بڑا جرم ہوگیا ہے۔


ایس پی سربراہ نے کہا کہ دلت سماج کی بیٹیوں پر مظالم رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اجودھیا کے گرام نارا میں اقتدار کے حمایت یافتہ دبنگوں کے ذریعہ دلت لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ کافی تکلیف دہ ہے۔اس بیٹی کو کب انصاف ملے گا متاثرہ کنبہ حکومت سے یہ سوال کررہا ہے۔

سابق وزیر اعلی نے یہ الزام لگایا کہ بی جے پی کے لیڈر بذات خود متعدد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ بی جے پی حکومت ان کو بچانے میں ہی ساری طاقت صرف کررہی ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی اسے کوئی فکر نہیں ہے۔


انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو نظر انداز کرنے کا نقطہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار پارٹی اپنے تمام انتخابی وعدے بھول گئی ہے، وہ نہ تو لیپ ٹاپ تقسیم کررہی ہے اور نہ ہی تعلیمی اداروں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔لیکن سرکار میں نہ ہونے کے باجود ایس پی نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو مسلسل اعزاز سے نواز رہی ہے۔اس موقع پر ایس پی سربراہ نے 12 ویں جماعت میں 99.75فیصد نمبرحاصل کرنےو الی طالبہ سمت کمار ترپاٹھی کو پارٹی دفتر میں لیپ ٹاپ سے نوازہ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Nov 2020, 7:40 AM