یوپی اسمبلی انتخابات: راہل-پرینکا نے جاری کیا نوجوانوں پر مبنی انتخابی منشور، 20 لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ
راہل-پرینکا نے یوپی کے لئے کانگریس کا نوجوانوں پر مبنی انتخابی منشور جاری کر دیا، اس انتخابی منشور میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے
نئی دہلی / لکھنؤ: راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے یوپی کے لئے کانگریس کا نوجوانوں پر مبنی انتخابی منشور آج جاری کر دیا۔ کانگریس کے انتخابی منشور میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس کا نام ’بھرتی وِدھان، یوا گھوشنا پتر‘ رکھا ہے۔ انتخابی منشور کو دہلی میں واقع کانگریس کے صدر دفتر پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف اور صرف صنعت کاروں کے ہاتھ مضبوط کرنے کا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا کام نفرت پھیلانا نہیں ہے اور پارٹی جھوٹے وعدے نہیں کرتی بلکہ لوگوں کو جوڑنے کا کام کرتی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ہم آپ کو روزگار کس طرح سے دلائیں گے یہ سب ہم نے اس انتخابی منشور میں لکھا ہے۔ اس منشور کو تیار کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے ریاست کے نوجوانوں سے بات کی ہے اور ان کے خیالات کو جانا ہے اور اسے اس منشور میں ڈالا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اتر پردیش میں ہر 24 گھنٹے میں تقریباً 880 نوجوان روزگار کھو دیتے ہیں۔ بی جے پی کے گزشتہ 5 سالوں میں تقریباً 16 لاکھ نوجوانوں نے روزگار کھویا ہے۔
دریں اثنا، کانگریس کی جنرل سکریٹری اور انچارج یوپی پرینکا گاندھی نے کانگریس کا انتخابی مشور جاری کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ یوپی میں سب سے بڑا مسئلہ نوجوانوں کا روزگار ہے لہذا کانگریس کے منشور کا نام ’بھرتی ودھان‘ رکھا گیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ اردو اساتذہ، سنسکرت کے اساتذہ، آنگن باڑی اور آشا وغیرہ کی خالی اسامیوں کو پر کیا جائے گا۔ بھرتی کے عمل سے نوجوانوں کا بھروسہ ٹوٹا ہے اسے بحال کرنے کے لئے تمام مقابلہ کے امتحانوں کے فارم کے لئے فیس معاف ہوگی اور بس ٹرین کا سفر مفت ہوگا۔
پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ ایک جاب کلینڈر جاری ہوگا، جس میں بھرتی کے اشتہار، امتحان، تقرر کی تاریخیں درج ہوں گی اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریزرویشن میں گھوٹالہ کو روکنے کے لئے ہر بھرتی کے لئے سماجی انصاف کے مبصرین تعینات ہوں گے۔
نوجواون انتخابی منشور میں کانگریس کے وعدے
مقابلہ کے امتحانوں کے امیدواروں کو بس اور ریل میں مفت سفر کی سہولت ہوگی
خواتین کے لیے 8 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں گی
تمام مقابلہ کے امتحانات کی فیس معاف کی جائے گی
ریاست کے 20 لاکھ نوجوانوں کے لئے روزگار
اساتذہ کی 1.50 لاکھ خالی آسامیاں پر کی جائیں گی
نوجوان کاروباریوں کو ترجیح دی جائے گی
سیڈ اسٹارٹ اپ فنڈ کے لیے 5 ہزار کروڑ روپے واگزار ہوں گے
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔