یوپی اسمبلی انتخابات: امت شاہ لکھنؤ اور اکھلیش رائے بریلی میں کریں گے طاقت کا مظاہرہ

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور صوبہ کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو آج رائے بریلی میں ’وجے یاترا‘ نکالیں گے، جبکہ امت شاہ لکھنؤ میں نشاد پارٹی کے قومی صدر سنجے نشاد کے ساتھ مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات نزدیک آ رہے ہیں اور سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔ آج یعنی جمعہ کے روز بی جے پی کے لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ لکھنؤ میں نشاد پارٹی کے قومی صدر سنجے نشاد کے ساتھ مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہیں سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور صوبہ کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو آج رائے بریلی میں ’وجے یاترا‘ نکالیں گے۔

اکھلیش یادو کا وجے رتھ آج رائے بریلی کی سڑکوں پر دوڑے گا۔ پارٹی کے ضلع صدر ویریندر یادو نے بتایا کہ ایس پی صدر 17دسمبر کی صبح 10بجے یہاں پہنچیں گے۔ اپنے دو روزہ دورے میں وہ رائے بریلی کی سبھی اسمبلی سیٹوں کا دورہ کریں گے اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے گیسٹ ہاوس میں رات کا قیام کریں گے۔ دورے کے دوسرے اور اخری دن ہفتہ کے روز وہ عوامی ریلیاں کر کے لکھنؤ واپس لوٹ جائیں گے۔


ادھر، مرکزی وزیر داخلہ و سابق بی جے پی صدر امت شاہ آج لکھنؤ میں ’سرکار بناؤ۔ادھیکار پاؤ‘ ریلی سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے ریاستی نائب صدر سنتوش سنگھ نے بتایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، نشاد پارٹی کے صدر داکٹر سنجے نشاد، بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ اور نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ و ڈاکٹر دنیش شرما ریلی میں موجود ہونگے۔ سرکار بناؤ۔ ادھیکار پاؤ‘ریلی کا انعقاد بی جے پی و نشاد پارٹی کی جانب سے لکھنؤ کے رمابائی امبیڈکر میدان میں کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔